عوام کے برتاؤ میں تبدیلی لانے سے متعلق مذہبی رہنماؤں کے ذریعہ جانکاری ضروری
سرینگر :لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جموں و کشمیر کے عوام کو کورونا وائرس سے بچائو کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ہاں دواخانوں کی تعداد محدود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم لاکھ کوششیں کریں گے تو بھی تین ماہ میں سپر سپیشلٹی ہسپتال نہیں بنا سکتے ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے یہ باتیں منگل کو یہاں شیر کشمیر انٹرنیشنل کنونشن سنٹر میں جموں و کشمیر کے بعض مذہبی رہنمائوں سے کورونا وائرس کے معاملے پر بات کرتے ہوئے کہیں۔انہوں نے کہا: ‘میں آپ سے ہاتھ جوڑ کر یہ گزارش کرنا چاہتا ہوں کہ یہ مشکل وقت ہے ۔ اس میں آپ کا تعاون بہت ضروری ہے ۔ سرکاری مشینری اپنا کام کر رہی ہے لیکن اس کی اپنی سرحدیں ہیں۔ آپ کورونا سے متعلق لوگوں میں آگاہی پیدا کر سکتے ہیں’۔منوج سنہا نے لوگوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا: ‘کچھ دن پہلے میں چرار شریف سے لوٹ رہا تھا۔ میں نے ایک بازار میں بہت کم لوگوں کو ماسک پہنے ہوئے دیکھا۔ طبی ماہرین نے کورونا سے بچائو کے لئے ماسک کے استعمال، سماجی دوری اور صفائی ستھرائی کو ضروری قرار دیا ہے ‘۔انہوں نے کہا: ‘ہمیں بچنا بھی ہے اور جموں و کشمیر کو آگے بڑھانا بھی ہے ۔