ریاض: سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ ہم نیوم میں ایک نئی تہذیب پیدا کر رہے ہیں۔ یہ تہذیب مستقبل کی طرف نئی پیشرفت ہے اور دیگر قوموں کو کرہ ارض کے فائدہ کیلئے اسی طرح کے کام کرنے کی ترغیب دینے کی بھی کوشش ہے۔ شہزادہ محمد بن سلمان کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب نیوم شہر کے ذیلی پروجیکٹ ’’ دا لائن‘‘ کو لاگو کیا جارہا ہے۔ اس پروجکیٹ میں پیش کی جانے والی سہولیات اور معیارات اپنی منفرد انجینئرنگ کی بنا پر تعمیراتی معجزہ شمار ہورہے ہیں۔شہزادہ محمد بن سلمان نے “ڈسکوری” چینل کی طرف سے دکھائی جانے والی دستاویزی فلم میں اپنی تقریر کے دوران اس پروجیکٹ کے بارے میں کہا کہ یہ منصوبہ دنیا کا اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے اور اس منصوبے کا حتمی نتیجہ تخلیقی ہوگا۔ شہزادہ محمد بن سلمان سے سعودی منصوبوں کی تکمیل کے حوالے سے بعض حلقوں کے شکوک کے متعلق استفسار کیا گیا تو انہوں نے کہا انہیں بولنے دیں اور ہم انہیں غلط ثابت کرتے رہیں گے۔نئے شہر کی تعمیر کے محرکات کے بارے میں ولیعہد نے بتایا کہ سعودی عرب میں آبادی میں اضافہ 33 ملین سے دوگنا ہو کر 2030 میں تقریباً 50 سے لے کر 55 ملین ہو جائے گا۔ رہائشیوں کی یہ تعداد مملکت کے پورے موجودہ انفراسٹرکچر کو استعمال کر لے گی۔ اس تناظر میں ہمیں ایک نیا شہر بنانے کے بارے میں ایک حقیقی سوال کا سامنا کرنا پڑے گا۔