تہران: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے جمعرات کے روز عمانی ٹیلی ویڑن کے ساتھ گفتگو میں واضح کیا کہ کوئی بھی ایران کو یورینیم کی افزودگی سے نہیں روک سکتا۔ انھوں نے کہا کہ ایران ایسے تمام دباؤ کو مسترد کرتا ہے اور اپنے اس حق پر قائم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی قوانین ہر ملک کو پر امن مقاصد کے لیے جوہری توانائی سے متعلق سائنسی سرگرمیوں کی اجازت دیتے ہیں۔پزشکیان نے باور کرایا کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل کرنے کا خواہاں نہیں، نہ ماضی میں ایسا چاہا، نہ مستقبل میں ایسا ارادہ رکھتا ہے، کیوں کہ یہ ایران کے عقیدے کے خلاف ہے۔ تاہم وہ، طبی، زرعی، صنعتی اور سائنسی مقاصد کے لیے افزودگی سے کبھی دست بردار نہیں ہو گا۔ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ ایران سفارتی حل کے لیے سنجیدہ ہے، مگر کسی بھی معاہدے میں تمام پابندیوں کے خاتمے اور یورینیم کی افزودگی کی اجازت کی شرط ہونی چاہیے۔ انھوں نے امریکہ سے کسی معاہدے کے قریب ہونے کی خبروں پر کہا کہ وہ اس بارے میں یقین سے کچھ نہیں کہہ سکتے۔