ہماچل انتخابات سے پہلے کانگریس نے عوام سے کیے 10اہم وعدے

   

نئی دہلی: ہماچل پردیش اسمبلی انتخابات سے پہلے پارٹی کی طرف سے اعلان کردہ ’10 گارنٹیوں’ کا حوالہ دیتے ہوئے، کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے بدھ کو کہا کہ ان کی پارٹی اس بات کی ضمانت دے رہی ہے کہ حکومت کی تشکیل کے بعد لوگوں کے مسائل حل کیے جائیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کانگریس نے راجستھان اور چھتیس گڑھ میں عوام سے جو وعدے کئے تھے وہ پورے کئے اور آنے والے وقت میں ریاست میں جہاں بھی حکومت بنے گی وہ وعدے پورے کئے جائیں گے راہل گاندھی نے ایک فیس بک پوسٹ میں کہا، ’’ہماچل پردیش کے لوگوں کے مسائل کا حل اب کانگریس پارٹی کی ضمانت ہے۔ کانگریس ہمیشہ عوامی فلاح و بہبود اور ان کی ترقی کے مسائل پر بات کرتی ہے اور اس گارنٹی کارڈ میں بھی ہم نے گاؤں گاؤں جا کر ہماچل کے لوگوں کے مسائل کا پتہ لگایا، مقامی لوگوں سے بات کی، ان کے مسائل سنے اور پھر ان کا حل تلاش کیا۔ گارنٹی کارڈ تیار کر لیا گیا ہے۔