ہماچل میں فتح اور گجرات میں شکست پر راہول کا رد عمل

   

جئے پور :ایک طرف گجرات میں جہاں کانگریس کو شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، وہیں ہماچل پردیش میں پارٹی کو خاطر خواہ کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ ایک ریاست میں شکست اور دوسری میں فتح کے بعد کانگریس قائدین کے بیانات بھی سامنے آنے لگے ہیں۔ سابق کانگریس صدر اور اس وقت بھارت جوڑو یاترا کی قیادت کر رہے راہول گاندھی کا بھی دونوں ریاستوں سے متعلق پہلا رد عمل سامنے آیا ہے۔ہماچل پردیش میں پارٹی کی جیت پر راہول گاندھی نے کہا ہے کہ ’’ہماچل کے عوام کو اس نتیجہ خیز جیت کے لیے دل سے شکریہ۔ سبھی کانگریس کارکنان اورقائدین کو مبارکباد۔ آپ کی محنت اور خودسپردگی اس فتح کی نیک خواہشات کا اصلی حقدار ہے۔ پھر سے یقین دلاتا ہوں کہ عوام کو کیا گیا ہر وعدہ جلد از جلد نبھائیں گے۔‘‘دوسری طرف گجرات میں ملی شکست کو قبول کرتے ہوئے راہول گاندھی اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ ہم گجرات کے لوگوں کی رائے انکساری کے ساتھ قبول کرتے ہیں۔ ہم پارٹی کی از سر نو تشکیل کے ساتھ سخت محنت کریں گے اور ملک کے اصولوں اور ریاست کے لوگوں کے حق کی لڑائی جاری رکھیں گے۔‘‘واضح رہے کہ ہماچل پردیش میں 68 اسمبلی سیٹوں کے لیے 12 نومبر کو ووٹ ڈالے گئے تھے اور آج نتائج کا اعلان کیا گیا۔ اس ریاست میں حکومت سازی کے لیے 35 سیٹوں کی ضرورت ہوتی ہے اور کانگریس نے 40 سیٹوں پر جیت کا پرچم لہرایا ہے۔ بی جے پی کو 25 سیٹیں حاصل ہوئی ہیں، جبکہ عآپ کو ایک بھی سیٹ نہیں ملی۔ بقیہ 3 سیٹوں پر دیگر امیدواروں کی جیت ہوئی ہے۔