شملہ: ہماچل پردیش کے ضلع شملہ میں بادل پھٹنے کے دو واقعات میں املاک اور مویشیوں کا بھاری نقصان ہوا ہے اور گاڑیوں کی آمدورفت میں خلل پڑا ہے ۔حکام نے بدھ کے روز بتایا کہ بادل پھٹنے کا واقعہ منگل کی رات دارالحکومت شہر سے تقریباً 200 کلومیٹر دور رام پور سب ڈویژن کے سرپاڑہ پنچایت کے تحت کندھار گاؤں میں ہوا۔رام پور کے سب ڈویژنل مجسٹریٹ کے مطابق بادل پھٹنے کا واقعہ رات تقریباً 11 بجے ہوا۔انہوں نے بتایا کہ بادل پھٹنے کے نتیجے میں آنے والے سیلاب سے شملہ اور کنور سرحد کے قریب جیوری اور برنوئی علاقے کہ درمیان قومی شاہراہ-5 منقطع ہوگئی تھی، جسے اب بحال کر دیا گیا ہے ۔گرام پنچایت سرپاڑہ کے پردھان موہن کپاٹیا نے کہا کہ قدرتی آفات کی وجہ سے سرپاڑہ گاؤں کا سڑک رابطہ منقطع ہو گیا ہے ۔ انہوں نے متاثرہ افراد کو فوری امداد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔بادل پھٹنے سے پھل، باغات اور کاشت کی زمینیں زیر آب آگئیں اور بہت سے مکانات کو نقصان پہنچا۔