وزیراعظم کا اظہارتعزیت، ورثا کیلئے 2 لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا اعلان
کنور: ہماچل پردیش کے کنور ضلع میں بسٹیری کے پہاڑی سے پتھر ٹوٹ کر نیچے گرے ہیں۔ چٹان گرنے سے کئی گاڑیاں اس کی زد میں آگئی ہیں۔ اس حادثہ میں سیاحوں سے بھری گاڑی پر بھاری پتھر گر گیا، جس سے اس میں سوار 9 افراد کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ 3 افراد شدید طور پر زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو سی ایچ سی سانگلا رجوع کیا گیا ہے۔اطلاع ملنے پر پولیس اور انتظامیہ کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور راحت اور بچاو کام انجام دیا ۔ بتایا جا رہا ہے کہ گاڑی میں سوار سیاح دہلی اور چنڈی گڑھ سے ہماچل پردیش گھومنے آئے تھے۔ لینڈ سلائیڈ ہونے سے باسپا ندی بنا پْل ٹوٹ گیا ہے، جس سے گاؤں کا رابطہ باقی ملک اور دنیا سے کٹ گیا ہے۔ موصولہ اطلاع کے مطابق پہاڑ سے زمینی تودوں کے علاوہ بھاری پتھر گرنے سے کئی گاڑیاں تباہ ہوگئی ہیں۔وزیراعظم نریندر مودی نے اس حادثہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور مہلوکین کے ورثا کو تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعظم کی جانب سے مہلوکین کے ورثا کیلئے فی کس 2 لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا ا علان کیا گیا جبکہ زخمیوں کو 50 ہزار دیئے جائیں گے۔ وزیراعظم کے دفتر سے جاری ٹوئیٹ میں اس حادثہ کو انتہائی دکھ بھرا قرار دیا گیا۔ زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے بھی نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔