ہماچل پنچایت چناؤ کے اعلان پر کانگریس کا بی جے پی پر لفظی حملہ

   


شملہ : پنچایتوں کے انتخابات کے اعلان کے بعد ہماچل پردیش میں کانگریس نے بی جے پی پر زوردار حملہ کیا ہے ۔ریاستی کانگریس کے صدر کلدیپ راٹھور نے آج ایک بیان میں الزام لگایا کہ ریاستی حکومت بیوروکریسی کے سامنے مکمل طور پر لاچار ثابت ہورہی ہے ۔ افسران کا کشمکش عروج پر ہے ۔ حکومت کی اس تین سالہ مدت میں وزیر اعلی جے رام ٹھاکر بیوروکریسی اور عوامی نمائندوں کے مابین ہم آہنگی پیدا کرنے میں آج تک مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ عوامی مفادات کے کام سرکاری فائلوں میں دفن کردیا جاتا ہے ۔راٹھور نے کہا کہ ریاست میں وکاس جیسی کوئی چیز نہیں ہے ۔ بیوروکریسی کے مابین کوئی ہم آہنگی نہیں ہے ۔ ہر ایک کااپنا راگ اپنی ڈفلی ہے ۔ چیف منسٹر کا دفتر سنگھ کا اڈا بن کر رہ گیا ہے جہاں صرف سنگھ سے وابستہ عہدیداران اور لیڈروں کی چلتی ہے ۔ اس کے دروازے عام لوگوں کے لئے بند ہیں۔بیوروکریسی کے مابین سرد جنگ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کی حکمرانی مکمل طور پرزمیں بوس ہوچکی ہے ۔ آئے دن وزیر اعلی کو اپنے احکامات اور فیصلے تبدیل کرنا پڑتے ہیں ۔ کام کرنے والے افسران کی طرف توجہ نہیں دی جارہی ہے ۔ وزیر اعلی اپنی ناکامیوں کا ٹھیکرا افسران کے سر پھوڑ رہے ہیں۔ معیشت پوری طرح چوپٹ ہوچکی ہے ۔ حکومت کی اس سمت کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے ۔