ہند ۔ امریکہ تعلقات میں مزید بہتری ’ مودی ہے تو ممکن ہے ‘ : پومپیو

,

   

Ferty9 Clinic

باہمی تعلقات نئی بلندیوں تک پہونچنے کی توقع ۔ جاریہ ماہ دورہ ٔہند سے قبل امریکی وزیرخارجہ کا اظہار خیال
واشنگٹن 13 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان میں مقبول ہوئے انتخابی نعرہ ’ مودی ہے تو ممکن ہے ‘ کو اختیار کرتے ہوئے امریکی سکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو نے اس یقین کا اظہار کیا کہ دونوںملکوں کے مابین باہمی تعلقات کو مزید بلندیوں تک پہونچایا جاسکے گا ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی دو بڑی جمہوریتوں کیلئے اب ایک بے مثال موقع ہے کہ وہ مزید آگے بڑھیں۔ جاریہ ماہ کے اواخر میں اپنے دورہ دہلی سے قبل اظہار خیال کرتے ہوئے مائیک پومپیو نے کہا کہ وہ اس دورہ کے موقع پر وزیر اعظم نریندرمودی اور وزیر خارجہ ایس جئے شنکر سے ملاقات کرنے والے ہیں۔ پومپیو نے کہا کہ دونوں ملکوں کو چاہئے کہ وہ پہلے سے مستحکم اور طاقتور تعلقات کو یقینی بنائیں۔ یہ واضح کرتے ہوئے کہ امریکہ کا ہندوستان کے ساتھ قدیم تعلق رہا ہے پومپیو نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ان تعلقات کو مزید مستحکم کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کو چاہئے کہ وہ اس دوستی کو ایک سفارتی دائرہ کار میں تبدیل کریں تاکہ دونوں کو فائدہ ہوسکے ۔ پومپیو نے انڈیا آئیڈیاز سمٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جیسا کہ وزیر اعظم مودی نے اپنی انتخابی مہم میں نعرہ دے اتھا کہ مودی ہے تو ممکن ہے وہ ( پومپیو )بھی منتظر ہیں کہ دیکھیں کہ دونوں ملکوں کے مابین اور ہمارے عوام کے مابین کیا کچھ ممکن ہے ۔ انہوں نے کچھ ایسے امکانات اور خیالات کا اظہار کیا جو دونوں ملکوں کے مابین باہمی تعلقات کو مزید نئی بلندیوں تک پہونچا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ یقینی طور پر یہ مانتے ہیں کہ دونوں ملکوں کیلئے یہ ایک بہترین اور نادر موعق ہے کہ وہ اپنے عوام کی بہتری کیلئے ‘ انڈو پیسیفک علاقہ کی بہتری کیلئے اور ساری دنیا کی بہتری کیلئے مل کر آگے بڑھیں۔ پومپیو 24 سے 30 جون تک ہندوستان ‘ سری لنکا ‘ جاپان اور جنوبی کوریا کا دورہ کرنے والے ہیں۔ ان کے اس چار قومی دورہ کا مقصد انڈو پیسیفک علاقہ میں امریکہ کی شراکت داروں کو بڑھانا اور مستحکم کرنا ہے کیونکہ اس علاقہ میں چین اپنی فوجی طاقت میں اضافہ کرتا جا رہا ہے ۔ چین انڈوپیسیفک علاقہ میں اپنی فوجی موجودگی میں بھی اضافہ کر رہا ہے ۔ پومپیو نے کہا کہ صدر ٹرمپ کی صدارت میں امریکہ نے مختلف ممالک کے ساتھ دفاعی تعاون کو نئی بلندیوں تک پہونچا دیا ہے ۔ امریکہ صدر ٹرمپ کی قیادت میں انڈو پیسیفک علاقہ کیلئے بھی ایک بہتر نظریہ رکھتا ہے ۔ اس کے علاوہ امریکہ نے پاکستان کی جانب سے دہشت گردی کی تائید کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے اپنے موقف میں سختی پیدا کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اب مودی اور ٹرمپ انتظامیہ کیلئے یہ بہتر موقع ہے کہ وہ باہمی تعلقات اور تعاون کو مزید نئی بلندیوں تک پہونچائیں اور تعاون میں اضافہ کریں۔ خصوصی شراکت داری کو مزید مستحکم کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ سابق ہندوستانی سفیر برائے امریکہ جئے شنکر کے وزیر خارجہ بننے سے بھی پرامید ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جئے شنکر کہہ چکے ہیں کہ وہ امریکہ کے ساتھ تعلقات کو مزید بہتر بنانے کیلئے کام کرنے تیار ہیں اور اب وہ چونکہ وزیر خارجہ بن چکے ہیں اس لئے ان سے تعلقات کو بہتر بنانے اور اسے نئی بلندیوں تک پہونچانے کیلئے کوششوں کا یقین ہے ۔