ہند ۔ برطانیہ مالیاتی تعاون کو مضبوط کرنے کے امکانات

   

مالیاتی بازار بات چیت کی افتتاحی میٹنگ کے بعد مشترکہ بیان جاری

نئی دہلی: ہندوستان اور برطانیہ کے درمیان مالیاتی خدمات تعاون کو مضبوط بنانے کے بے حد امکانات موجود ہیں۔ ہندوستان اور یو کے نے گذشتہ شام ورچول ذریعے سے ہندوستان۔ برطانیہ فینانشیل ڈائیلاگ (مالیاتی بازار مذاکرہ) کی افتتاحی میٹنگ کے بعد جاری مشترکہ بیان میں یہ بات کی ہے ۔ وزارت فینانس کی جانب سے آج یہاں جاری بیان کے مطابق مالیاتی سیکٹر میں دو طرفہ تعلقات مضبوط بنانے کے لیے اکتوبر 2020 میں 10ویں اکنامک اینڈ فینانشیل ڈائیلاگ (ای ایف ڈی) کا قیام کیا گیا تھا۔ مالیاتی تعاون 2030 روڈ میپ کی بنیاد ہے جو دونوں ملکوں نے اپنے وزرائے اعظم کی حال ہی میں ہوئی ملاقات کے دوران اختیار کیا تھا۔ ان خدمات کو مد نظر رکھتے ہوئے دونون فریق اس بات پر متفق تھے کہ ہندوستان اور برطانیہ کے درمیان مالیاتی خدمات تعاون کو مضبوط بنانے کے بے حد امکانات موجود ہیں۔ اس مذاکرے میں ہندوستان کی جانب سے وزارت فینانس کے عہدیداران اور برطانیہ کی طرف سے وہاں کے وزارت فینانس کے عہدیداروں نے حصہ لیا۔ میٹنگ میں ہندوستان اور یو کے کی آزاد ریگولیٹری ایجنسیوں نے حصہ لیا جن میں ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی)، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج بورڈ آف انڈیا، انٹرنیشنل فینانشیل سروسز سنٹر اتھارٹی، انشورنس ریگولیٹری اینڈ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی آف انڈیا اور فینانشیل کنڈکٹ اتھارٹی شامل ہیں۔ ہندوستانی اور برطانوی نمائندوں نے اپنے اپنے متعلقہ شعبوں سے وابستہ موضوعات پر خیالات کا اظہار کیا۔