ہند ۔ بنگلہ وزرائے داخلہ کی ماہ اگست میں بات چیت

   

نئی دہلی۔ 21 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش کے وزیر داخلہ اسد الزماں خاں 7 اگست کو ہندوستان کا دورہ کریں گے اور ہندوستان کے وزیر داخلہ امیت شاہ سے بات چیت کریں گے۔ توقع کی جارہی ہے کہ امیت شاہ غیرقانونی بنگلہ دیشی تارکین وطن اور انسداد دہشت گردی میں باہمی تعاون کے مسئلہ کو اٹھائیں گے۔ شاہ کے بارے میں سمجھا جارہا ہے کہ بنگلہ دیش کے تارکین وطن کی مسلسل غیرقانونی آمد کے متعلق ان کا موقف بہت ہی سخت ہے۔ اسد الزماں خاں نے گفت و شنید کے دوران مویشیوں کی غیرقانونی منتقلی، گولہ بارود کی اسمگلنگ اور دیگر مسائل زیرگفتگو آئیں گے اور امکان ہے کہ بنگلہ دیش کے نوجوانوں اور روہنگیا مسلمانوں کو انتہا پسند بنائے جانے کے مسئلہ پر بھی غوروخوض ہوگا۔ وفود کی سطح پر بھی جو بات چیت ہوگی اس میں بھی ہندوستان اور بنگلہ دیش کے اعلیٰ افسران حصہ لیں گے۔ مندوبین کی بات چیت میں غیرقانونی تارکین وطن کی نقل و حرکت، منشیات اور دیگر اشیاء کی سرحد پر اسمگلنگ کو روکنے کے اقدامات کو مزید موثر بنانے پر بھی غور کیا جائے گا۔ ہندوستان کی بنگلہ دیش سے متصل 4096 کیلومیٹر سرحد ہے۔