دوبئی کے وزیر خارجہ کی وزیراعظم نریندر مودی سے بات چیت ، دورہ کی دعوت
نئی دہلی ۔ /9 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج خلیجی ملک کے وزیر خارجہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جائیں گے ۔ متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ نے وزیراعظم مودی کو دوبئی آنے کی دعوت دی ۔ وزیر خارجہ متحدہ عرب امارات شیخ عبداللہ بن زید نے وزیر خارجہ جئے شنکر سے بھی بات چیت کی تھی ۔ انہوں نے وزیراعظم مودی کو فون کیا اور ہند ۔ یو اے ای تعلقات کے استحکام پر تبادلہ خیال کیا ۔ وزیراعظم مودی نے یو اے ای کے وزیر خارجہ کو بتایا کہ خلیجی ملک کے ساتھ ہندوستانی تعاون کو بلندیوں تک لے جایا جائے گا ۔ تجارت اور توانائی جیسے شعبوں میں ترقی کی جائے گی ۔ اپنے سابق دورہ یو اے ای کے دوران شاندار استقبال کرنے اور بہترین میزبانی کی ستائش کرتے ہوئے وزیراعظم مودی نے اظہار مسرت کیا کہ گزشتہ 5 سالوں کے دونوں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں مضبوط آئی ہے ۔ وزیراعظم کے دفتر سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ یو اے ای کے وزیر خارجہ نے اپنے ملک کے ویژن کو بھی پیش کرتے ہوئے واضح کردیا کہ باہمی تعاون سے ہی دونوں ملکوں کے عوام کے حق میں فوائد پہونچیں گے ۔ اس خطہ میں امن ، خوشحالی اور استحکام کو فروغ حاصل ہوگا ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے یو اے ای کی قیادت کے ساتھ اپنے مضبوط تعلقات کا حوالہ دیا اور وزیر خارجہ سے خواہش کی کہ وہ دوبئی کے حکمراں سے اپنے نیک خواہشات کا اظہار کریں ۔ وزیراعظم سے فون پر بات چیت کرتے ہوئے شیخ عبداللہ نے حالیہ انتخابات میں مودی کی شاندار کامیابی پر یو اے ای کی قیادت کی جانب سے مبارکباد دی ۔