ہند ۔آسٹریلیا پہلا ٹسٹ 22 نومبر کو پرتھ میں شروع ہوگا

   

میلبورن۔ ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان بارڈر۔گواسکر ٹرافی سیریز22 نومبر کو شروع ہوگی، جیسا کہ کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) نے 2024-25 کے بین الاقوامی شیڈول کی تفصیلات جاری کردی ہیں۔ 1991-92 کے بعد پہلی بار آسٹریلیا اور ہندوستان پانچ ٹسٹ میچوں کی سیریز میں مدمقابل ہوں گے جس کے افتتاحی میچ کی میزبانی پرتھ اسٹیڈیم میں ہو گی، اس کے بعد6 سے 10 دسمبر تک ایڈیلیڈ اوول میں دن رات گلابی گیند کے ساتھ دوسرا ٹسٹ کھیلا جائے گا۔ گابا، جو کبھی ٹسٹ موسم گرما کا روایتی افتتاحی مقام ہوتا تھا، تیسرے ٹسٹ کی میزبانی 14-18 دسمبر تک کرے گا، میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں 26-30 دسمبر تک روایتی باکسنگ ڈے ٹسٹ کے بعد نئے سال کا ٹسٹ سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں 3 سے 7 جنوری 2025 تک کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پچھلی چار ٹسٹ سیریز میں، بارڈرگواسکر ٹرافی کی چمپئن ہندوستان ہر بار جیتنے والی، زیادہ غالب ٹیم رہی ہے۔ اس میں 2018-19 اور 2020-21 (دونوں 2-1 کے یکساں فرق سے) کے درمیان یکے بعد دیگر سالوں میں آسٹریلیا میں ٹسٹ سیریز جیتنا شامل ہے۔ آسٹریلیا نے 2014-15 کے بعد سے ہندوستان کو ہوم سیریز میں شکست نہیں دی ہے۔ 2018-19 میں ہندوستان آسٹریلیا میں ٹسٹ سیریز جیتنے والی پہلی ایشیائی ٹیم بن گئی۔ یہ کرکٹ کے سب سے زیادہ متوقع موسم گرما میں سے ایک ہے جس میں کرکٹ کی دنیا کی نظریں توسیع شدہ بارڈر۔گواسکر ٹرافی سیریز اور ملٹی فارمیٹ ویمنز ایشز پر مرکوز ہیں۔صحیح طور پربارڈر۔گواسکر ٹرافی کو1991-92 کے بعد پہلی بار پانچ ٹسٹ سیریزکے ساتھ ایشزکی طرح ہی رکھا گیا ہے اور ہمیں یقین ہے کہ شیڈول ناظرین اور حاضریوں کو زیادہ سے زیادہ تفریح فراہم کرے گا اور ایک زبردست ماحول ہوگا۔ ملک بھر کے اسٹیڈیموں میںجوش وجشن ہوگا ، کرکٹ آسٹریلیا کے سی ای او نک ہاکلی نے کہا۔ دریں اثنا آسٹریلیائی خواتین اس کے بعد دسمبر میں ہندوستان کے خلاف تین ونڈے کھیلے گی ۔ بارڈر۔گواسکر سیریز کے اختتام کے بعد ملٹی فارمیٹ ویمنز ایشزکا آغاز 12 جنوری کو پہلے ونڈے سے ہوگا اور سیریز کا وائٹ بال مرحلہ 25 جنوری کو ایڈیلیڈ اوول میں ہونے والے مقابلے کے ساتھ ختم ہوگا۔ ایم سی جی میں ٹسٹ میچ 30 جنوری سے چار دن تک کھیلا جائے گا اور یہ 1949 کے بعد مشہور گراؤنڈ پر کھیلا جانے والا پہلا خواتین کا ٹسٹ ہوگا۔ایم سی جی میں 1949 کے بعد خواتین کا پہلا ٹسٹ میچ، اور اس تاریخی گراؤنڈ پر پہلا ڈے نائٹ ٹسٹ، ایک یادگار موقع اور خواتین کی کرکٹ کے لیے ایک اور اہم سنگ میل ثابت ہوگا کیونکہ ہم سڈنی کرکٹ گراؤنڈ اور ایڈیلیڈ اوول سمیت بڑے اسٹیڈیموں میں زیادہ سے زیادہ مقابلوں کے انعقاد کے کوشاں ہیں۔
بارڈر گواسکر ٹرافی سیریز کا شیڈول:
پہلا ٹسٹ، 22-26 نومبر پرتھ اسٹیڈیم، پرتھ میں
دوسرا ٹسٹ، 6-10 دسمبر ایڈیلیڈ اوول، ایڈیلیڈ میں ( ڈے /نائیٹ)
تیسرا ٹسٹ، 14 سے 18 دسمبر تک دی گابا، برسبین میں
چوتھا ٹسٹ، 26-30 دسمبر ایم سی جی، میلبورن میں
5واں ٹسٹ، 3-7 جنوری کو سڈنی میں۔