جوبلی ہلز میں کانگریس کی لہر ، صحت اور تعلیم کی سہولتوں کا وعدہ
حیدرآباد ۔27۔نومبر (سیاست نیوز) حیدرآباد میں انتخابی مہم کے آخری مرحلہ میں رائے دہندے اپنی پسند کی پارٹی اور امیدوار کے بارے میں فیصلہ کرچکے ہیں۔ جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ میں اس مرتبہ کانگریس امیدوار محمد اظہرالدین کی کامیابی کے امکانات روشن دکھائی دے رہے ہیں۔ اقلیتوں کے ووٹ تقسیم کرنے کی منظم سازش کے باوجود رائے دہندوں کا رجحان کانگریس کے حق میں دکھائی دے رہا ہے۔ اترپردیش کے مراد آباد میں لوک سبھا حلقہ سے کامیابی کے ذریعہ اپنا سیاسی سفر شروع کرنے والے محمد اظہرالدین نے اپنے آبائی ریاست میں اسمبلی کیلئے مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ عام رائے دہندوں اور خاص طور پر نوجوانوں میں محمد اظہرالدین کی غیر معمولی تائید دیکھی جارہی ہے ۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کے علاوہ کانگریس کے سرکردہ قائدین نے جوبلی ہلز میں پارٹی کی انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے کیڈر کے حوصلوں کو بلند کرنے میں اہم رول ادا کیا ہے۔ محمد اظہرالدین تمام طبقات میں یکساں طورپر مقبول ہیں اور پد یاترا کے دوران عوام نے انہیں مکمل تائید کا بھروسہ دلایا ہے۔ جوبلی ہلز اگرچہ نام کے اعتبار سے ایک ترقی یافتہ علاقہ سمجھا جاتا ہے لیکن اسمبلی حلقہ کے تحت کئی غریب بستیاں ایسی ہیں جو بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔ محمد اظہرالدین نے بلدی ، برقی اور آبرسانی کے بنیادی مسائل حل کرنے کے علاوہ صحت اور تعلیم کی ضرورتوں کی تکمیل کا وعدہ کیا ہے ۔ غریبوں کے لئے بہتر علاج کے سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹلس اور معیاری اسکولس کے قیام پر توجہ دی جائے گی۔ انتخابی مہم کے اختتام کیلئے محض چند گھنٹے باقی ہیں اور محمد اظہرالدین نے مقامی کانگریس قائدین کی مدد سے رائے دہندوں سے رابطہ کی مہم جاری رکھی ہے۔ رائے دہندوں کو یقین ہے کہ اظہرالدین کو رکن اسمبلی منتخب کرنے سے علاقہ میں ترقی اور فلاح و بہبود کی اسکیمات پر موثر عمل آوری ہوگی۔
