لکھنؤ: اترپردیش کے مسلم اکثریتی علاقہ بلرام پور میں مقیم ایک ہندو خاندان کو مبینہ طور پر مذہب تبدیل کرنے کیلئے دھمکیاں دی جانے کی شکایت کی گئی ہے ۔ اس معاملہ میں تین خواتین کوگرفتارکرلیا گیا ہے۔ متاثرہ خاتون دیپانشاد نے اپنی شکایت میں کہا کہ محلہ کی مسلم آبادی کی موجودگی میں ان کے خاندان پر مذہب تبدیل کرنے کیلئے دباؤ ڈالا گیا۔ ان سے کہا گیا کہ اگر وہ ایسا نہیں کرسکتیں تو اپنا مکان بیچ کر یہاں سے چلی جائیں۔ انہیں مبینہ طور پر جان سے مارڈالنے کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔ ایف آئی آر کے مطابق شکایت گزار دیپا نے الزام عائد کیا کہ پڑوسی مسلم خواتین نے ان کے مکان کے اندر بنے ہوئے مندر پر تھوکا اور کہا کہ اب تمہارا مندر ناپاک ہوچکا ہے اور اب تم مسلمان بن گئی ہو۔ پولیس نے7 افراد بشمول3 خواتین کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے کارروائی شروع کردی ہے۔ دیپا کے بھائی تلسی رام نے بھی الزام عائد کیا کہ مسلم پڑوسی مقدمہ واپس لینے کیلئے اس پر دباؤ ڈال رہے ہیں۔