ہندو عقیدہ کو ٹھیس پہنچانے پر مودی معافی مانگیں :کانگریس

   

بی جے پی امیدوار سمبت پاترا نے بھگوان جگناتھ کو مودی کا بھکت بتایا ہے، دیوی دیوتاؤں کی بھی توہین کی گئی
نئی دہلی : بھگوان جگن ناتھ کے بارے میں بی جے پی کے ترجمان سمبت پاترا کے کہے گئے الفاظ پر سیاست گہری ہو گئی ہے اور کانگریس نے اسے بھگوان جگن ناتھ کے عقیدت مندوں کے جذبات کے ساتھ کھلواڑ کرنے کے مترادف قرار دیا ہے اور اس کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی پر تنقید کی ہے اور ملک سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے ۔کانگریس کی ترجمان سپریہ شرینیت نے منگل کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں پاترا کے بیان کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے قومی ترجمان اور پوری سے پارٹی کے لوک سبھا امیدوار سمبت پاترا نے مہا پربھو بھگوان جگناتھ کو مودی کا بھکت بتایا ہے ۔ اس بیان کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔ اس بیان کی جب مخالفت شروع ہوئی تو پاترا نے اپواس رکھ کر جھوٹی معافی مانگنی شروع کر دی۔کانگریس کی ترجمان نے کہا کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ بی جے پی نے ہندو دیوی دیوتاؤں کو نریندر مودی کے برابر قرار دے کر ان کی توہین کی ہو۔ پران پرتشٹھا کے دوران بی جے پی کے آفیشل ہینڈل سے ایک تصویر پوسٹ کی گئی جس میں شری رام بچے کے روپ میں ہیں اور مودی انہیں انگلی پکڑے اٹھائے ہوئے ہیں۔ اسی طرح ایودھیا میں شری رام کے کٹ آوٹ سے بڑے مودی کے کٹ آؤٹ لگائے گئے تھے اور چمپت رائے نے انہیں بھگوان وشنو کا اوتار بتایا تھا۔ اسی طرح مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے مودی کو بھگوان کا اوتار بتایا تھا۔ بی جے پی کی امیدوار کنگنا رناوت نے انہیں بھگوان شری رام کا حصہ قرار دیا تھا ۔ اتراکھنڈ کے سابق وزیر اعلی تیرتھ سنگھ راوت اور ساکشی مہاراج نے نریندر مودی کو بھگوان کہا تھا۔کانگریس ترجمان نے کہا کہ نریندر مودی اس طرح کے پروپیگنڈے سے اتنے نشہ آور ہو گئے ہیں کہ انہوں نے خود کو بھگوان کا دوت کہلوانا شروع کر دیا ہے ۔ تاریخ میں ایسا اس سے پہلے دیکھا جا چکا ہے جب ہٹلر نے بھی خود کو خدا بتایا اور کم جونگ ان نے بھی اپنے اندر خدائی طاقت بتاتا ہے ۔ سمبت پاترا نے بھگوان جگن ناتھ کو مودی کا بھکت کہا لیکن جب ہنگامہ ہوا تو انہوں نے کہا کہ ان کی زبان پھسل گئی تھی ۔ شرینیت نے صحافیوں کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آج نوئیڈا کے کمانڈو واریر اینکر خاموش کیوں ہیں؟ جب بھی اپوزیشن لیڈروں کی زبان پھسلتی ہے تو وہ نوچنا اور کھسوٹنا شروع کردیتے ہیں۔