برسلز : یورپین یونین نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں۔ یہ بات یورپین خارجہ امور کی سربراہ کاجا کلاس نے آج پاکستان اور ہندوستان کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ٹیلیفون پر بات کرتے ہوئے کہی۔ اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایکس پر اس بات کی اطلاع دیتے ہوئے یورپین خارجہ امور کی سربراہ کاجا کلاس نے بتایا کہ انہوں نے آج پاکستانی وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ہندوستانی وزیر خارجہ ڈاکٹر جے شنکر سے ٹیلی فون پر گفتگو کی ہے۔ اپنی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی تشویشناک ہے، میں دونوں فریقوں پر زور دیتی ہوں کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور صورتحال کو بہتر کرنے کے لیے بات چیت کو آگے بڑھائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشیدگی میں اضافہ کسی کی بھی مدد نہیں کرتا۔