ہندو گرل فرینڈ کو سالگرہ پر مبارکباد دینا مہنگا پڑا

   

مسلم نوجوان کو بنگلورو سے اترپردیش پہونچنے پر پولیس نے محروس کردیا

لکھیم پور کھیری (یوپی) : ایک مسلم نوجوان جو بنگلورو سے فلائٹ کے ذریعہ لکھم پور کھیری پہونچا تاکہ ایک ہندو لڑکی سے ملاقات کرسکے جس سے اُس کی آن لائن دوستی ہوگئی ہے۔ جب یہ نوجوان لکھم پور پہونچا، وہاں اُسے مارپیٹ کی گئی اور پولیس اسٹیشن لیجایا گیا جہاں اُس رات بھر محروس رکھا گیا۔ دائیں بازو کی مقامی تنظیم نے زور دیا کہ یہ جبری تبدیلیٔ مذہب کا معاملہ ہے اور اُس نوجوان کے خلاف اِنہی الزامات پر مبنی ایف آئی آر درج کی جائے۔ پولیس نے اُسے اتوار کی شام بطور احتجاج حراست میں لیا لیکن پیر کو شخصی ضمانت کا مچلکہ پیش کرنے پر اُسے رہا کیا گیا۔ 21 سالہ نوجوان بنگلورو میں انجینئر کی حیثیت سے برسر کار ہے۔ اُس نے بتایا کہ لڑکی سے اُس کی ملاقات آن لائن ہوئی اور وہ دونوں دوست بن گئے۔ چونکہ لڑکی کی سالگرہ کا موقع تھا، اِس لئے اُس نے فلائٹ کے ذریعہ لڑکی کے مکان پہونچ کر اُسے چند تحائف دینے کا ارادہ کیا۔ جب وہ وہاں پہونچا اور خود کا لڑکی کے والدین سے تعارف کرایا ، اس کے ساتھ ہی گڑبڑ شروع ہوگئی۔ پڑوسی لوگ جمع ہوگئے اور دائیں بازو کی تنظیم کے بعض افراد بھی اُن میں مل گئے۔ نوجوان نے میڈیا والوں کو بتایا کہ سب لوگوں نے مل کر اُسے مارا پیٹا اور اُنھوں نے پولیس کو طلب کیا اور زور دیا کہ یہ جبری تبدیلیٔ مذہب کا معاملہ ہے۔ مجھے پولیس اسٹیشن لیجایا گیا اور میں نے اُنھیں فلائٹ کا ٹکٹ اور تحفے بتائے۔ بعد میں شخصی مچلکہ پر مسلم نوجوان کو رہائی ملی۔