وِلنگٹن۔22 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی ٹیم کو پہلی اننگز میں 165 رنز پر ڈھیر کرنے کے بعد یہاں کھیلے جارہے پہلے ٹسٹ کے دوسرے دن جب کھیل کا اختتام ہوا تو نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں 216/5 رنز کے ذریعہ 51 رنز کی سبقت حاصل کرلی ہے۔ دن کے اختتام پر وکٹ کیپر بیٹسمین بی جے واٹلنگ نے 29 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 14 اور گرانڈ ہوم 2 گیندوں میں ایک چوکا لگا کر وکٹ پر موجود ہیں۔ نیوزی لینڈ کیلئے کپتان کین ولیمسن نے متبادل فیلڈر رویندر جڈیجہ کی جانب سے شاندار کیچ پکڑنے سے قبل 153 گیندوں میں 11 چوکوں کی مدد سے 89 رنز اسکور کرنے کے علاوہ سینئر بیٹسمین راس ٹیلر کے ہمراہ تیسری وکٹ کیلئے 93 رنز کی بہترین پارٹنرشپ نبھائی جسے ایشانت شرما نے اپنی بولنگ کے تیسرے مرحلے میں 100 ٹسٹ کھیل رہے ٹیلر کو آؤٹ کرتے ہوئے توڑا۔ ٹیلر نے اپنے ریکارڈ 100 ویں ٹسٹ میں بیٹنگ کی بہتر شروعات کی تھی تاہم وہ بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 71 گیندوں میں 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 44 رنز اسکور کئے۔ دیگر آؤٹ ہونے والے بیٹسمنوں میں اوپنرس کی جوڑی لیتھم (11)، بلنڈل (30) کے علاوہ نیکولاس (17) شامل ہیں۔ ہندوستان کیلئے ایشانت شرما کامیاب بولر ثابت ہوئے جنہوں نے 15 اوورس میں 31 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ محمد سمیع اور اشون نے فی کس ایک وکٹ حاصل کی۔ قبل ازیں ہندوستان نے اپنی کل کی اننگز 122/5 سے آگے کھیلنا شروع کیا اور پوری ٹیم 165 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ کل کے ناٹ آؤٹ بیٹسمین اجنکیا رہانے 46 رنز اور ریشپھ پنت 19 رنز اسکور کرپائے جبکہ محمد سمیع نے تیز رفتار 21 رنز بنائے ۔ نیوزی لینڈ کیلئے دراز قد بولر جیمی سن نے 39 اور ساؤتھی نے 49 رنز کے عوض فی کس 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔