ہندوستان 26 جنوری کو پہلی بار ونڈے جیتنے کوشاں ، حریف نیوزی لینڈ

   

ماؤنٹ موگانی۔25 جنوری ۔ (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان نے اپنی کرکٹ تاریخ میں کبھی 26 جنوری کو ون ڈے میچ نہیں جیتا ہے اور نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے میں ملی یکطرفہ جیت سے حوصلہ افزا ٹیم انڈیا ہفتہ 26 جنوری میزبان ٹیم کے خلاف ہونے والے دوسرے ونڈے میچ میں ملک کو فتح کا تحفہ دینے کے مضبوط ارادے سے اترے گی۔ہندستان کا آئین 26 جنوری 1950 کو نافذ ہوا تھا اور اس کے بعد سے ہندستان نے کبھی 26 جنوری کو ون ڈے میچ نہیں جیتا ہے ۔ مسلسل تاریخ کے نئے باب رقم کر رہی کپتان وراٹ کوہلی کی ٹیم اب 26 جنوری کو یوم جمہوریہ کے دن بھی نئی تاریخ رقم کرنا چاہے گی۔ہندستان نے نیپئر میں پہلا ون ڈے بڑی آسانی سے 85 گیند باقی رہتے آٹھ وکٹ سے جیت لیا تھا اور اب اس کی نظریں اس برتری کو دگنا کرنے پر لگی ہوں گی جبکہ میزبان ٹیم پہلے ون ڈے کی شکست کو بھولتے ہوئے سیریز میں واپسی کرنا چاہے گی۔سیریز شروع ہونے سے پہلے دونوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ مقابلے کے امکانات بتائے جا رہے تھے لیکن پہلے ون ڈے میں میزبان ٹیم کے بلے اور گیند سے کارکردگی کو دیکھ کر ایسا نہیں لگا کہ وہ ہندستان کو چیلنج کرنے کی پوزیشن میں ہے ۔ نیوزی لینڈ نے ہندستان کے خلاف اترنے سے پہلے سری لنکا کو 3-0 سے زیر کیا تھا لیکن نیپئر میں نیوزی لینڈکی کارکردگی میں کوئی سنجیدگی نہیں دکھائی دی۔ہندستان نے بولنگ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو 38 اوور میں ہی 157 رن پر نمٹا دیا تھا اور یہ ہدف ایسا تھا جسے حاصل کرنے میں ہندوستانیوں کو کوئی پریشانی نہیں ہوئی۔ نیوزی لینڈ کو فروری 2017 کے بعد سے پہلی بار ہوم سیریز کے پہلے میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا اور یہ کراری شکست میزبان کو جھنجھوڑنے کے لئے کافی ہونی چاہئے ۔ ہندستانی ٹیم کو دوسرے میچ میں نیوزی لینڈ کے جوابی وار سے محتاط رہنا ہوگا۔نیپئر کی شکست کے بعد کیوی بلے بازوں نے ہندوستانی اسپنروں کا توڑ ڈھونڈنے کے لئے خاصی محنت کی ہوگی۔ ہندوستانی اسپنروں کلدیپ یادو، یجویندر چہل اور کیدار جادھو نے آپس میں سات وکٹ لے کر میزبان کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا تھا جبکہ پچ سے اسپنروں کو خاص ٹرن نہیں مل رہا تھا۔ کپتان کین ولیمسن کو چھوڑ کر دیگر کوئی کیوی بلے باز ہندوستانی گیند بازوں کا سامنا نہیں کر پایا تھا۔ہندوستانیوں کے لئے نیپئر میچ میں سب سے اچھی بات اوپنر شکھر دھون کی میچ فاتح بڑی اننگز کھیلنا رہا تھا۔ ہندستان کے ٹاپ آرڈر کے تین بلے باز شکھر، روہت شرما اور کپتان وراٹ گزشتہ چند سال میں حریف ٹیموں کے لئے سر درد بن رہے ہیں۔وراٹ کو پانچ میچوں کی سیریز کے چوتھے اور پانچویں اور اس کے بعد ٹوئنٹی -20 سیریز سے آرام دیا گیا ہے اس لئے وراٹ چاہیں گے کہ اس میدان پر 2-0 کی برتری بنائی جائے اور تیسرے میچ میں سیریز کا فیصلہ کر دیا جائے ۔ اس مقابلے میں ہندستان اسی ٹیم کو اتاریگا جس نے گزشتہ میچ جیتا تھا۔ممکنہ ٹیمیں:
ہندستان : روہت شرما، شکھر دھون، وراٹ کوہلی (کپتان)، امباٹي رائیڈو، مہندر سنگھ دھونی (وکٹ کیپر)، کیدار جادھو ,وجے شنکر، کلدیپ یادو، بھونیشور کمار، محمد سمیع، یجویندر چہل۔
نیوزی لینڈ: مارٹن گپٹل، کولن منرو، کین ولیمسن (کپتان)، راس ٹیلر، ٹام لاتھم (وکٹ کیپر)، ہنری نکولس ، مشیل سیٹنر، ٹم ساؤتھی / ایش سوڈھی، لوکی فرگوسن، ڈگ بریسویل ، ٹرینٹ بولٹ۔