ہندوستان ، پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات کا خواہاں

   

چین کیساتھ فوری اتفاق پیدا کرنے کی ضرورت ، ہند ۔ چین قائدین معاہدہ کیلئے تیار : وزارت خارجہ
نئی دہلی : ہندوستان نے خواہش ظاہر کی کہ وہ اپنے ہمسایہ ملک پاکستان کے ساتھ معمول کے تعلقات کو بحال کرنا چاہتا ہے۔ چین کے ساتھ بھی تمام مسائل پر بات چیت کرتے ہوئے اتفاق رائے کے ساتھ کسی نتیجہ پر پہنچنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ برصغیر میں خوشگوار فضاء قائم کرنے کی ہم نے کئی مرتبہ کوشش کی ہے، لیکن پاکستان نے ہی فضاء کو کئی مرتبہ مکدر کیا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف قابل اعتبار، ٹھوس اور ناقابل تسخیر کارروائی کرتے ہوئے پاکستان کو خوشگوار فضاء پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ مملکتی وزیر خارجہ وی مرلیدھرن نے راجیہ سبھا میں ایک سوال کے جواب میں کہ ہندوستان کی پاکستان کے تعلق سے موجودہ خارجہ پالیسی کیا ہے، اس پر مملکتی وزیر نے کہا کہ ہندوستان اپنے پڑوسی ملک کے ساتھ معمول کے ہمسایہ تعلقات کا خواہاں ہے۔ دہشت گردی کے خلاف کارروائی کرنے میں پاکستان کی ناکامی کا نوٹ لیتے ہوئے ہندوستان نے کئی مرتبہ پاکستان کو اس جانب توجہ دلائی ہے۔ اسی دوران وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ چین کے وزیر خارجہ اور وزیر دفاع کیساتھ راج ناتھ سنگھ اور ایس جئے شنکر کی حالیہ ملاقات کے دوران چین کے ساتھ اتفاق پیدا ہوا کہ دونوں جانب ایل اے سی پر فوج کو مکمل طور پر ہٹا دینے کیلئے فوری کارروائی کی جانی چاہئے۔ جئے شنکر نے 10 ستمبر کو ماسکو میں چین کے وزیر خارجہ وانگ وائی سے ملاقات کی تو دونوں وزرائے خارجہ نے اس سلسلے میں ایک معاہدہ کرنے سے اتفاق کیا تھا۔ اس ملاقات سے قبل وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اپنے چینی ہم منصب سے 4 ستمبر کو ماسکو میں ملاقات کی۔ ان دونوں وزراء کے درمیان بھی اتفاق رائے پیدا ہوا اور کہا گیا کہ ایل اے سی پر تمام علاقوں سے فوج کو مکمل طور پر ہٹا لیا جانا چاہئے۔