ہندوستان آج جنوبی افریقہ کے خلاف ورلڈ کپ مہم کا آغاز کرے گا

   

ساؤتھمپٹن ۔ 4 جون (سیاست ڈاٹ کام )ہندوستانی ٹیم اپنی ورلڈ کپ مہم کا کل یہاں ناکامیوں سے پریشان جنوبی افریقہ کے خلاف آغاز کرے گی ۔2011میں دھونی کی قیادت میں ورلڈ کپ جیتنے کے بعد ہندوستانی ٹیم کو اس مرتبہ انگلینڈ کے ساتھ خطاب کیلئے مضبوط دعویدار مانا جارہا ہے جس کے پاس بیٹنگ میں روہت شرما اور شکھر دھون کی جوڑی کے علاوہ نمبر تین پر دنیا کے نمبر ایک بیٹسمین اور کپتان ویراٹ کوہلی کی خدمات دستیاب ہے جب کہ نمبر 4پر وارم اپ مقابلہ میں لوکیش راہول نے سنچری بناتے ہوئے اپنے دعویداری مضبوط کی ہے ۔بولنگ شعبہ میں دنیا کے نمبر ایک بولر جسپریت بمراہ کے ہمراہ محمدسمیع اور بھونیشور کمار موجود ہیں ۔ علاوہ ازیں جنوبی افریقی ٹیم کو پریشان کرنے کیلئے کلدیپ یادو اور یوزویندر چہل کی اسپنرس کی جوڑی موجود ہے ۔ جبکہ آل راؤنڈرس میں ہاردیک پانڈیا کے علاوہ رویندرا جڈیجہ ٹیم کو تقویت دیتے ہیں ۔ دوسری جانب افریقی ٹیم کیلئے ہاشم آملہ کی واپسی تقویت کا باعث ہوگی اور وہ ہندوستان کے خلاف کامیابی کے ذریعہ ٹورنمنٹ میں واپسی کیلئے کوشاں ہوگی۔ ورلڈ کپ میں ہندوستانتی ٹیم کا پہلا میچ کل جنوبی افریقہ کے خلاف مقرر ہے افریقی ٹیم جس پر مسلسل دو ناکامیوں کے بعد ٹورنمنٹ سے باہر ہونے کا خطرہ بڑھ رہا ہے لیکن اس مقابلے میں ہر کسی کی نظریں کپتان ویراٹ کوہلی کے مظاہرے پر ٹکی رہیں گی۔ در اصل جنوبی افریقہ کے خلاف کوہلی کی سنچری ٹیم کیلئے کامیابی کی ضمانت ہوسکتی ہے۔ یہ اعدادو شمار کچھ ایسے ہی ہیں اگر ایسا ہوا تو پھر پہلے میچ میں ہندوستانی ٹیم کی کامیابی یقینی ہے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف کوہلی نے اب تک چار سنچریاں بنائی ہیں اور ان چاروں میچ میں ٹیم کو کامیابی ملی ہے۔ کوہلی نے جنوبی افریقہ کے خلاف چینائی، ڈربن، کیپ ٹاؤن اور سینچورین میں سنچری بنائی ہیں اور ہر مرتبہ ٹیم کو شاندار کامیابی ملی ہے یعنی اگر کوہلی ساؤتھمیپٹن میں سنچری بناتے ہیں تو پھر ٹیم کی کامیابی پکی ہے۔ کوہلی کا یہ تیسرا ورلڈ کپ ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ ہر مرتبہ وہ ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں سنچری بناتے ہیں۔ 2011 کے ورلڈ کپ میں کرئیر کا آغاز کرتے ہوئے کوہلی نے سنچری بنائی تھی۔ انہوں نے ڈھاکہ میں بنگلہ دیش کے خلاف سو رنوں کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی تھی۔ اس کے بعد 2015 کے ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں پاکستان کے خلاف ایڈیلیڈ کے میدان پر انہوں نے 107 رنوں کی اننگز کھیلی تھی۔ ان دونوں میچ میں ہندوستانی ٹیم کو کامیابی ملی تھی ایک مرتبہ پھر سے ورلڈ کپ 2019 کے پہلے میچ میںکوہلی سے ہر کسی کو سنچری کی امید رہے گی۔