حیدرآباد میں ایران ٹورازم روڈ شو، ایران کے ڈپٹی منسٹر اصغر شلبافیان ، ریاستی وزیر جوپلی کرشنا راؤ اور رکن کونسل عامر علی خاں کی شرکت
حیدرآباد ۔13۔ ستمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد میں واقع ایرانی کونسلیٹ نے دونوں ممالک کے سیاحتی تعلقات کو مستحکم کرنے کے لئے حیدرآباد میں ایران ٹورازم روڈ شو کا اہتمام کیا۔ ایران کے نائب وزیر سیاحت علی اصغر شلبافیان نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی اور دونوں ممالک کے درمیان سیاحت کے فروغ پر زور دیا۔ ایران ٹورازم روڈ شو کے انعقاد کا مقصد ایران کی سیاحت کو اجاگر کرنا اور دونوں ممالک کے سرکاری عہدیداروں کے ساتھ نجی اداروں سے اشتراک کو فروغ دینا ہے۔ ایران کی مارکیٹنگ کی کوششوں کے حصہ کے طور پر ثقافتی ورثہ سیاحت اور دستکاری کی وزارت نے روڈ شو کا اہتمام کیا۔ ایران کے محکمہ سیاحت و ثقافت نے دونوں ممالک کے درمیان سیاحوں کی آمد و رفت میں اضافہ کی منصوبہ بندی کی ہے۔ ایران نے جنوری 2024 سے ہندوستانیوں کیلئے ویزا کی اجرائی کے قواعد میں نرمی پیدا کرتے ہوئے ہر 6 ماہ میں بغیر ویزا کے 15 دن تک ایران کے سفر کی اجازت دی ہے۔ روڈ شو کے ذریعہ دونوں ممالک کے سیاحتی پیشہ ور افراد کے درمیان تال میل کو فروغ دینا ہے۔ ہندوستان کے سیاحت سے وابستہ اداروں نے روڈ شو میں اپنی دلچسپی کا اظہار کیا۔ تقریب میں سیاحتی اداروں اور پیشہ ور افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ آبادی کے اعتبار سے ہندوستان نے چین کو پیچھے چھوڑ دیا ہے ، لہذا ہندوستان میں سیاحت کا شعبہ ایران کیلئے اہمیت کا حامل ہے۔ ہندوستان میں شہریوں کی فی کس آمدنی میں اضافہ کے پیش نظر سیاحت کیلئے ایران کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ ڈپٹی منسٹر ٹورازم اصغر شلبافیان نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان سیاحت اور دیگر شعبوں میں باہمی تعاون میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک اور خاص طور پر حیدرآباد سے ایران کے تہذیبی اور ثقافتی رشتے صدیوں پرانے ہیں۔ تلنگانہ کے وزیر سیاحت جوپلی کرشنا راؤ نے روڈ شو کے انعقاد پر ایرانی کونسلیٹ حکام کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ دونوں ممالک میں ثقافتی اور تہذیبی رشتے مزید مستحکم ہوں گے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیادت میں تلنگانہ میں سیاحتی مراکز کی ترقی اور فروغ کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی سیاحتی پالیسی کے نتیجہ میں تلنگانہ ملک کے صحافتی نقشہ پر نمایاں مقام حاصل کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ گنبدان قطب شاہی کی تزئین نو کے ذریعہ سیاحت کے فروغ پر توجہ دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام سیاحتی ممالک کا دورہ کرتے ہوئے تہذیب اور ثقافت کو فروغ دے سکتے ہیں۔ رکن قانون ساز کونسل جناب عامر علی خاں نے ایرانی کونسلیٹ کے حکام کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر حیدرآباد میں ایرانی کونسلیٹ مہدی شاہ رخی ، سکنڈ کونسل محسن مخدومی، ریجنل پاسپورٹ آفیسر حیدرآباد جے سنیہجا، ڈائرکٹر ٹورازم مسز ایلا ترپاٹھی اور دوسروں نے شرکت کی۔ کونسل جنرل مہدی شاہ رخی نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ 1