ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ’مائتری سیتو‘ کا افتتاح

,

   

دونوں ممالک کے درمیان معاشی اور تجارتی تعلقات میں اضافہ کی توقع، وزیراعظم کا ورچول خطاب

اگرتلہ : وزیراعظم نریندر مودی نے آج ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان فرینڈ شپ برج (مائتری سیتو) کا آن لائن افتتاح کیا۔ یہ پل جنوبی تریپورہ کے سابرون میں دریائے فینی پر تعمیر کیا گیا ہے۔ وزیراعظم مودی نے اس موقع پر دیگر 8 انفراسٹرکچر پراجکٹس کا سنگ بنیاد بھی رکھا جن کی مجموعی لاگت 3,518 کروڑ ہے۔ اس موقع پر بنگلہ دیش وزیراعظم شیخ حسینہ نے اپنے ویڈیو پیام میں کہا کہ 1.9 کیلو میٹر طویل مائتری سیتو کے افتتاح سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں نئے دور کا آغاز ہوگا۔ اس پل کے ذریعہ ہندوستان کے شمال مشرقی خطہ میں تجارت کو زبردست فروغ حاصل ہوگا۔ اس پل کے ذریعہ بنگلہ دیش کے چٹگانگ کی بندرگاہ کو بھی مربوط کرنے میں مدد ملے گی جو اگرتلہ سے صرف 100 کیلو میٹر کے فاصلہ پر ہے۔ شیخ حسینہ نے بتایا کہ بنگلہ دیش حکومت نے اپنے چٹگانگ اور منگولا بندرگاہوں کو ہندوستان کے ساتھ بغیر کسی رکاوٹ کے بین الاقوامی و ڈومیسٹک تجارتی سرگرمیوں کیلئے کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ آبی ذرائع سے ہوگی۔ شیخ حسینہ نے اس خیال کا بھی اظہار کیاکہ سیاسی سرحدیں تجارت اور معاشی تعلقات میں رکاوٹ نہیں بننا چاہئے۔ وزیراعظم مودی نے بی جے پی کی زیرقیادت تریپورہ حکومت کے تین سال کی تکمیل پر مبارکباد پیش کی۔ وزیراعظم کے پیام کو ویویکانندا اسٹیڈیم میں عوام کیلئے پیش کیا گیا۔ انہوں نے تریپورہ حکومت سے کہا کہ کرپشن اور ناکامیوں و خرابیوں کے دورحکومت کو ختم کرتے ہوئے تین سال میں بی جے پی کی زیرقیادت تریپورہ حکومت نے تاریخ رقم کی ہے۔ انہوں نے بالواسطہ سابقہ سی پی آئی ایم کی زیرقیادت لیفٹ فرنٹ حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ وزیراعظم نے تریپورہ چیف منسٹر بپالاد کمار کی ستائش کی جنہوں نے مرکز کے تعاون سے عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کیا۔ ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات پر مؤثر عمل آوری کے ساتھ تریپورہ دوسری ریاستوں کیلئے مثال بن کر ابھری ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ 2018ء کے انتخابات سے قبل یہ وعدہ کیا گیا تھا کہ تریپورہ کے عوام سے ڈبل انجن کی حکومت فراہم کی جائے گی۔ ایک انجن تریپورہ میں ہوگا اور ایک انجن نئی دہلی میں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست اور مرکزی حکومت نے مل کر کام کرتے ہوئے ہمہ جہتی ترقی حاصل کی ہے۔ تریپورہ ریاست شہری اور دیہی دونوں علاقوں میں یکساں ترقی کررہی ہے۔