نئی دہلی۔ ہندوستان اور تاجکستان نے آج یہاں توانائی، کنیکٹیویٹی، تجارت اور سیکوریٹی سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو تیز کرنے کے اقدامات پر وسیع تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے تاجکستان کے وزیر خارجہ سراج الدین مہرالدین کے ساتھ دو طرفہ میٹنگ کی، جو ہندوستان-وسطی ایشیا ڈائیلاگ میں شرکت کے لیے تین روزہ دورے پر ہفتہ کو یہاں پہنچے تھے ۔ ملاقات کے بعد جے شنکر نے ٹویٹ کیاکہ تاجکستان سے میرے دوست وزیر خارجہ سراج الدین کے ساتھ ایک نتیجہ خیز بات چیت ہوئی۔ ہم نے توانائی، کنکٹیویٹی، تجارت اور سیکورٹی سمیت کئی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ علاقائی سرگرمیوں پر ان کے خیالات اہم ہیں۔ قبل ازیں انہوں نے تاجکستان کے وزیر خارجہ کا خیرمقدم کیا تھا اور کہا تھا کہ وہ ان کے ساتھ مذاکرات کے منتظر ہیں۔ تاجکستان کے وزیر خارجہ کی کئی دیگر اہم شخصیات سے بھی ملاقات طے ہے ۔