ہندوستان اور روس کے درمیان اقتصادی تعاون کا پانچ سالہ معاہدہ

,

   

باہمی سالانہ تجارت کو موجودہ 64 ارب ڈالر سے 2030ء میں 100 ارب ڈالر تک پہنچانے کا نشانہ

نئی دہلی، 5 دسمبر (یو این آئی) ہندوستان اور روس نے دو طرفہ اسٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنانے کے تمام پہلوؤں پر تبادلۂ خیال کرتے ہوئے اقتصادی تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کا عزم کیا ہے اور 2030 تک کیلئے اقتصادی تعاون کا ایک تفصیلی پروگرام طے کیا ہے ۔ دونوں ممالک نے لیبر،حفظان صحت اور صحت کی تعلیم، ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔ روس نے ہندوستان کو توانائی کے شعبے میں تعاون کرنے اور تیل کی فراہمی میں تسلسل برقرار رکھنے کے عزم کو دہرایا ہے ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو یہاں 23ویں ہند۔روس سالانہ سربراہ میٹنگ کے بعد روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں اپنے بیان میں دونوں ممالک کی دوستی کا موازنہ قطبی ستارے سے کیا اور کہا کہ یہ دوستی مضبوط اعتماد کی بنیاد پر کھڑی ہے اور وقت کی کسوٹی پر کھری اتری ہے ۔ مودی نے کہا کہ ہندوستان اور روس کے درمیان پانچ سالہ اقتصادی تعاون پروگرام سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری میں تنوع آئے گا اور تعاون کے نئے مواقع پیدا ہوں گے ۔ پوتن نے کہا کہ ہندوستان اور روس کے درمیان سالانہ تجارت اس وقت 64 ارب ڈالر کے مساوی ہے جسے 2030 تک 100 ارب ڈالر تک پہنچانے کا ہدف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سربراہ میٹنگ کے دوران وفود کی سطح پر ہونے والی بات چیت کے بعد جو تفصیلی دستاویز تیار ہوئی ہے ، سے اقتصادی، تجارتی، ٹیکنالوجی پر مبنی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون کو نئے باب کھلیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور روس باہمی تجارت اور ادائیگی کیلئے آہستہ آہستہ اپنی کرنسیوں کے استعمال کی سمت بڑھ رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی، انہوں نے کہا کہ ادائیگی کے چیلنجوں کو دیکھتے ہوئے ہندوستان اور روس کے درمیان بینکنگ نظام کے استعمال کا خصوصی انتظام کیا جارہا ہے ۔ روس پر مغربی ممالک کی پابندیوں کے تناظر میں روسی صدر کا یہ بیان اہم ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ روس توانائی کا ایک بڑا ذریعہ ہے اور وہ ہندوستان کو تیل کی فراہمی مسلسل جاری رکھنے کیلئے تیار ہے ۔ انہوں نے جوہری توانائی کے شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان طویل عرصے سے جاری تعاون کا ذکر کیا اور کہا کہ روس ہندوستان کے ساتھ چھوٹے ماڈیولر جوہری ری ایکٹر اور تیرتے جوہری پلانٹس کے شعبے میں بھی تعاون کر سکتا ہے ۔ پوتن نے کہا کہ ان کا ملک ہندوستان کے ساتھ فوجی ساز و سامان کے شعبے میں تعاون بڑھانا چاہتا ہے ۔