ہندوستان اور ملیشیا کے درمیان کئی معاہدوں پر دستخط

, ,

   

وزیر اعظم مودی اوروزیراعظم انور ابراہیم کے درمیان اہم امور پر بات چیت

کوالالمپور۔8؍فروری ( ایجنسیز)وزیر اعظم نریندر مودی کو ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں باقاعدہ سرکاری استقبالیہ اور گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔اس موقع پر ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم نے ان کا خیرمقدم کیا۔ وزیراعظم مودی نے دو روزہ سرکاری دورہ کیا ۔ سرکاری استقبالیہ کے بعد وزیر اعظم مودی اور وزیر اعظم انور ابراہیم نے دونوں ممالک کے وزرا ء اور وفود سے ملاقات کی۔ وزیراعظم مودی نے سوشل میڈیا پر کہا کہ ہندوستان اور ملائیشیا اعتماد، دوستی اور مشترکہ امنگوں پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط کر رہے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان اس موقع پر متعدد یادداشت ِمفاہمتوں پر دستخط ہوئے اور معاہدوں کا تبادلہ کیا گیا۔وزیر اعظم مودی نے کہا کہ وہ گذشتہ برس آسیان سربراہ اجلاس میں شریک نہیں ہو سکے تھے۔اس لیے رواں سال ان کا ملائیشیا کا دورہ خاص اہمیت رکھتا ہے۔ ذرائع کے مطابق ہندوستان اور ملائیشیا کے درمیان دفاعی تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی جس میں ڈورنیئر طیاروں کی ممکنہ فروخت اور اسکارپین آبدوزوں اور سوکھوئیتھرٹی جنگی طیاروں کی سروسنگ اور اَپ گریڈیشن شامل ہے۔بعد میں دونوں سربراہان مملکت نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم نے کہا کہ 2024 میں دونوں ممالک نے اپنے باہمی رشتوں کو جامع اسٹریٹجک شراکت داری کی سطح پر پہنچایا تھااور اب تجارت، سیمی کنڈکٹرز، مقامی کرنسی میں تجارت، توانائی اور غذائی سلامتی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی جبکہ وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ہندوستان اور ملائیشیا کی تہذیبیں مشترکہ ثقافتی ورثہ اور جمہوری اقدار سے جڑی ہوئی ہیں۔ وہیں کوالالمپور میں وزیر اعظم مودی نے ہندوستانیوں سے خطاب کیا اور کہا کہ جب وہ سال 2015 میں ملیشیا آئے تھے تو انہوں نے ہندوستانی برادری سے ہندوستان کے امکانات کے بارے میں بات کی تھی۔ وزیراعظم مودی نے کہا کہ گزشتہ برسوں میں ہندوستان نے مختلف شعبوں میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔ جس میں معیشت، انفراسٹرکچر، ٹیکنالوجی اور عالمی سطح پر ہندوستان کے وقار میں اضافہ شامل ہے۔