ہندوستان دوسری اننگز میں 36 رنز پر ڈھیر

   

پنک ٹسٹ میں آسٹریلیا 8 وکٹوں سے کامیاب، سیریز میں 1-0کی سبقت

ایڈیلیڈ ۔آسٹریلیائی فاسٹ بولروں کی تباہ کن بولنگ کے آگے ہندوستانی یہاں کھیلے گئے پہلے ٹسٹ میچ میں اپنی تاریخ کے کم ترین اسکور 36 رنز پر ڈھیر ہوگئی ہے جس کے بعد آسٹریلیائی ٹیم نے مطلوبہ نشانہ 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرتے ہوئے 8 ویں ڈے نائیٹ ٹسٹ میں 8 ویں کامیابی کے ساتھ رواں 4 مقابلوں کی سیریز میں 1-0 کی سبقت حاصل کرلی ہے۔آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ایڈیلیڈ میںمنعقدہ سیریز کے پہلے ٹسٹ میچ میں ویراٹ کوہلی کی ٹیم ٹسٹ کرکٹ میں ہندوستانی تاریخ کے سب سے کم اسکور پر ڈھیر ہوگئی۔ ہندوستان نے میچ کی پہلی اننگز میں 244 رنز بنائے اور میچ کے دوسرے دن 15 وکٹیں گرنے کی وجہ سے آسٹریلیائی ٹیم بھی191 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی جس کی وجہ سے ہندوستان کو پہلی اننگز میں53 رنزکی مقابلے میں کامیابی دلوانی برتری حاصل ہوئی تھی جس کے بعد دوسرے دن کے اختتام پر مہمان ٹیم نے ایک وکٹ کے نقصان پر 9 رنز بنائے تھے جس کے بعد امید کی جارہی تھی کہ ہندوستان ایک تاریخی کامیابی حاصل کرلے گی لیکن اس ڈے نائٹ ٹسٹ کا تیسرا دن ہندوستان کے لئے خوف ناک ثابت ہوا اور پوری ٹیم 122 گیندوں پر محیط اس اننگز میں ٰصرف 36 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ ہندوستانی ٹیم کی تباہی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ کوئی بھی کھلاڑی دوہرے ہندسے میں داخل نہ ہو سکا اور سب سے زیادہ 9 رنز اوپنر ماینک اگروال نے بنائے۔36 رنز ہندوستان کا ٹسٹ کرکٹ میں سب سے کم اسکور ہے جہاں اس سے قبل ان کا سب سے کم اسکور 42 رنز تھا جب وہ 1974 میں انگلینڈ کی تباہ کن بولنگ کا نشانہ بنے تھے۔ہندوستان کی جانب سے پرتھوی شا 4، مینک اگروال 9، جسپریت بمراہ 2، چتیشور پجارا صفر، کپتان ویرات کوہلی 4، اجنکیا راہانے صفر، ہنوما ویہاری8، ، وردھیمان ساہا 4، روی چندرن ایشون صفر رنز بنائے جبکہ محمد سمیع گیند لگنے کے ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔آسٹریلیا کی جانب سے جوز ہیزل ووڈ اور پیٹ کمنز کی جوڑی نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بالترتیب 5 اور 4 وکٹیں حاصل کیں۔ہیزل ووڈ نے 5 اوورز کے اسپیل میں8 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ کمنز نے 21 رنز کے عوض 4 وکٹیں لیں۔ میزبان کپتان ٹم پین جنہوں نے پہلی اننگز میں ناقابل تسخیر 73 رنز بنائے انہیں مین آف دی میچ دیا گیا ۔ یاد رہے کہ ہندوستانی ٹیم کا یہ اسکور ٹسٹ کرکٹ کی تاریخ میں کسی بھی ٹیم کے کم ترین اسکورز میں سے ایک ہے۔ ٹسٹ کرکٹ میں سب سے کم رنز پرآؤٹ ہونے کا بدترین ریکارڈ نیوزی لینڈ کے نام ہے جو1955 میں انگلینڈ کے خلاف صرف 26رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔اس کے بعد اگلی4 مرتبہ کم ترین اسکور پر آؤٹ ہونے کی خفت جنوبی افریقی ٹیم کو اٹھانی پڑی جبکہ آسٹریلیا کی ٹیم بھی 1902 میں انگلینڈ کے خلاف 36 رنز پر آؤٹ ہو چکی ہے۔