کولمبو،4 فروری (یو این آئی ) ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے لیے اصل خطرہ میدان کے اندر حریف ٹیمیں نہیں بلکہ سری لنکا کے بادل بن گئے ہیں۔ ہندوستان کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کے بعد پاکستان اب ایک ایسے نازک موڑ پر ہے جہاں کولمبو کی غیر متوقع بارش سلمان آغا کی الیون کے سیمی فائنل تک پہنچنے کے خواب کو چکنا چورکرسکتی ہے ۔ اگر موسم نے ساتھ نہ دیا تو محض ایک پوائنٹ کا ضیاع بھی پاکستان کو ٹورنمنٹ سے باہرکر سکتا ہے ۔ گروپ مرحلے میں کل چار میچزکھیلنے ہیں، پاکستان ہندوستان سے میچ نہ کھیلنے کا پہلے ہی اعلان کرچکا ہے ، جس کی وجہ سے قیمتی پوائنٹس پہلے ہی ہاتھ سے نکل چکے ہیں۔7فروری کو نیدرلینڈز سے مقابلے پر بارش کے سیاہ سائے گہرے ہیں۔ اس روز64 فیصد بارش کا امکان ہے ، جو پاکستان کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے ۔ باقی دو میچز میں سے بھی ایک میچ کے دوران بارش کی پیش قیاسی ہے ، جو نیٹ رن ریٹ اور پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان کے موقف کو مزید کمزور کر سکتی ہے ۔کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ ہندوستان کے خلاف پوائنٹس کھونے کے بعد پاکستان کے پاس غلطی کی کوئی گنجائش باقی نہیں رہی۔ اگر بارش کی وجہ سے کوئی میچ منسوخ ہوتا ہے تو پوائنٹس کی تقسیم (1-1) پاکستان کو پوائنٹس ٹیبل کے نچلے حصے میں دھکیل دے گی۔میچ مکمل نہ ہونے کی صورت میں پاکستان کو اپنا نیٹ رن ریٹ بہتر کرنے کا موقع بھی نہیں ملے گا، جو اگلے مرحلے میں رسائی کے لیے فیصلہ کن ثابت ہوتا ہے ۔کولمبو کا موسم ماضی میں بھی کئی مسائل پیدا کرچکا ہے۔