ہندوستان متحد رہے گا ، یکجہتی سے کام کرے گا : مودی

   

نئی دہلی ۔ /28 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) میرا بوتھ سب سے مضبوط پروگرام کے تحت وزیراعظم نریندر مودی نے بی جے پی کے ایک کروڑ کارکنوں اور ملک گیر سطح سے آئے ہوئے 15 ہزار رضاکاروں سے تبادلہ خیال کیا ۔ پارٹی کا دعویٰ ہے کہ یہ دنیا کی سب سے بڑی ویڈیو کانفرنسنگ تھی ۔ صدر بی جے پی امیت شاہ اور دیگر قائدین نے اس پروگرام میں حصہ لیا۔ کانگریس اور عام آدمی پارٹی نے بی جے پی اور وزیراعظم مودی پر اس تقریب کے وقت کی بنا پر تنقید کی ہے ۔ وزیراعظم کا مقصد عوام کی تائید کو متحرک کرنا اور ملک گیر سطح پر پارٹی کارکنوں کو آئندہ عام انتخابات سے قبل متحد اور سرگرم کرنا تھا ۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں اور رضاکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فی الحال ہمارے ملک کو بہتری کیلئے جدوجہد کرنا ہے ۔ ہر ہندوستانی کا پختہ یقین ہے کہ ’’میرا بوتھ سب سے مضبوط‘‘ ہے ۔ آپ کا فرض جو کچھ بھی ہو کام جو کچھ بھی ہو زیادہ کام کریں ۔ ہندوستان کو عظیم تر بلندیوں تک پہونچانے کیلئے سخت محنت کریں ۔ ہندوستان متحد رہے گا اور یکجہتی کے ساتھ کام کرے گا ۔ متحدہ طورپر فروغ پائے گا اور متحدہ طور پر جدوجہد کرے گا ۔ اس کی کامیابی بھی متحدہ ہوگی ۔ آج کے ہندوستان کا نوجوان ہندوستان کو نئی بلندیوں تک پہونچانے کا پختہ ارادہ کئے ہوئے ہے ۔ وہ ملک کیلئے کچھ کرنا اور ملک کی ترقی کیلئے جدوجہد کرنا چاہتا ہے ۔ کامیابی ہماری رسائی میں ہے ۔ عظمت ہماری نظر میں ہے ۔ ہمیں صرف مخلصانہ کام اور ملک کی ترقی کو اپنا مقصد بنانا چاہئیے اور اس کو یقینی بنانا چاہئیے۔