نئی دہلی، 18 فروری (یو این آئی) ہندوستان کے مختلف حصوں میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا ہے جس کے بعد مختلف کمیٹیوں نے اعلان کیا ہے کہ 19 فروری سے رمضان المبارک کا مہینہ شروع ہوگا اور پورے ملک میں عقیدت اور جوش و جذبے کے ساتھ روزے کا آغاز ہوگا۔مرکزی دارالقضاء امارت شرعیہ (بہار، اڈیشہ، جھارکھنڈ)، لکھنؤ کی مرکزی چاند کمیٹی فرنگی محل، جامع مسجد دہلی کی مرکزی رویت ہلال کمیٹی اور آل انڈیا ملی کونسل سمیت دیگر اہم اداروں نے چاند نظر آنے کی تصدیق کی ہے ۔دارالعلوم دیوبند کی مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے کہا کہ مقامی سطح پر بادل چھائے رہنے کے باوجود ملک کے دیگر حصوں سے چاند نظر آنے کی مستند شہادتیں موصول ہوئی ہیں، جس کی بنیاد پر 19 فروری سے ماہ مقدس کا آغاز ہوگا۔ رانچی، لوہردگا، دربھنگہ، گیا اور نوادہ جیسے مقامات سے مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد رمضان کے آغاز کا باقاعدہ اعلان کردیا گیا۔ رویت ہلال کمیٹی مسجد جامع ممبئی نے بھی آج رمضان المبارک 1447 ہجری کے چاند کی رویت کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے ۔