مجموعی درآمدات کا 50 فیصد صرف دو ممالک سے، قیمت میں اضافہ کے باوجود جیویلری انڈسٹری مستحکم
حیدرآباد ۔23 ۔ جولائی (سیاست نیوز) ہندوستان میں سونے کی درآمدات میں زیادہ تر حصہ داری سوئٹزرلینڈ اور متحدہ عرب امارات کی ہے۔ مختلف ممالک سے ہندوستان کو سونے کی مجموعی درآمدات میں تقریباً 50 فیصد حصہ داری مذکورہ دونوں ممالک کی ہے۔ اس کے علاوہ پیرو، گھانا ، ساؤتھ افریقہ ، ہانگ کانگ ، امریکہ ، آسٹریلیا ، چلی اور دیگر ممالک سے سونا درآمد کیا جاتا ہے۔ ہندوستان میں سونے کی سالانہ درآمد تقریباً 71.8 بلین ڈالر ریکارڈ کی گئی ہے۔ ملک میں سونے کی بڑھتی مانگ کا اظہار درآمدات کی شرح سے ہوتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ہندوستان میں جیویلری انڈسٹری کا تیزی سے فروغ ہوا ہے اور سونے کی درآمدات کے نتیجہ میں انویسٹمنٹ مارکٹ اور دیگر مربوط شعبہ جات میں ہندوستان نے بہتر مظاہرہ کیا ہے۔ کسی بھی ملک کی معاشی صورتحال کا اندازہ ملک میں سونے کے ذخائر سے کیا جاتا ہے ۔ حالیہ چند برسوں میں ملک میں سونے اور چاندی کی قیمت میں مسلسل اضافہ کا رجحان ہے۔ امریکہ اور ایران کے درمیان جنگی تنازعہ کے سبب خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جس کا اثر پٹرولیم اشیاء کی قیمتوں پر دکھائی دے رہا ہے لیکن سونے اور چاندی کی قیمت میں مسلسل اضافہ پر حکومت ہند نے آج تک کوئی وضاحت نہیں کی۔ قیمت میں اضافہ کے باوجود سونے کی خریداری کے رجحان میں کوئی کمی نہیں آئی ہے۔ دیگر ممالک سے ہندوستان کو سونے کی درآمدات میں سوئٹزرلینڈ کی حصہ داری 28 فیصد درج کی گئی ہے جبکہ متحدہ عرب امارات 21.3 فیصد درآمدات کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ مجموعی درآمدات میں پیرو کی حصہ داری 11 فیصد اور گھانا کی 8.4 فیصد ہے۔1/k/m/b