ہندوستان میں غیرملکی سرمایہ کاری میں بھاری گراوٹ کا اندیشہ

   

عالمی معاشی انحطاط کے سبب ہندوستان سے سرمایہ نکاسی کے امکانات میں اضافہ
نئی دہلی : ہندوستان میں سرمایہ کاری کو جاریہ سال کے دوران زبردست جھٹکا لگ سکتا ہے اور ہندوستانی کمپنیوںمیں غیر ملکی سرمایہ کاری میں بھاری گراوٹ ریکارڈ کی جاسکتی ہے بلکہ ایک سال کے دوران ہندوستانی کمپنیوں میں کی گئی غیر ملکی سرمایہ کاری سے 100.6 بلین ڈالر کی سرمایہ نکاسی کے خدشات پائے جانے لگے ہیں۔ ریزرو بینک آف انڈیا کی جانب سے کی گئی تحقیق میں محققین نے عالمی معاشی انحطاط کا تذکرہ کرتے ہوئے اس با ت کا خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہندوستان سے سرمایہ نکاسی کا جائزہ لینے کے بعد اس بات کاخدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ جی ڈی پی کا جملہ 3.2 فیصد غیر ملکی سرمایہ نکاسی کے سبب نقصان ہوگا۔ریزرو بینک آف انڈیا کے ڈپٹی ڈائریکٹر میکائیل دیبراتاپاتراکی جانب سے کی گئی تحقیق اور مطالعہ میں کہا گیا ہے کہ دنیا بھر کو 2008 کے معاشی حالات کا سامنا ہے اور ان حالات میں ہندوستان کو بھی سنگین معاشی انحطاط کی صورتحال کا اچانک سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔ انہوں نے اپنی مطالعاتی رپورٹ میں اس بات کا دعویٰ کیا ہے کہ دنیابھر میں کئی ممالک میں معاشی ابتری کی صورتحال کے نتیجہ میں جو حالات پیدا ہورہے ہیں اور امریکہ و ہندوستان میں سرمایہ کاری پر حاصل ہونے والی آمدنی میں موجود فرق میں بتدریج کمی رونما ہونے لگی ہے اس کی وجہ سے ہندوستان میں کی جانے والی بیرونی سرمایہ کاری اب سرمایہ نکاسی کی سمت بڑھ رہی ہے جس کے 5 فیصد امکانات پائے جاتے ہیں۔ ہندوستان سے سرمایہ نکاسی کے معاملہ میں 5 فیصد خدشات کے متعلق ماہرین معاشیات کا کہناہے کہ سرمایہ کاری کے معاملہ میں 5فیصد امکانات کی کوئی اہمیت نہیں ہے لیکن سرمایہ نکاسی کے معاملہ میں 5فیصد خدشات انتہائی سنگین صورتحال کی پیش قیاسی کے لئے کافی ہیں۔تحقیقی مقالہ میں کہا گیا ہے کہ ہندوستان کمپنیوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی تفصیلات کا جائزہ لینے پر اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ ان کمپنیوں میں مجموعی اعتبار سے 288 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی ہے جبکہ مختصر مدتی سرمایہ کاری 110.5 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری ختم ڈسمبر 2021 تک ریکارڈ کی گئی تھی لیکن آئندہ ایک سال کے دوران 100.6 بلین ڈالر کی سرمایہ نکاسی کے خدشات ظاہر کئے جانے لگے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ بیرونی سرمایہ کار ہندوستان میں کی جانے والی سرمایہ کاری کے متعلق اب خدشات کا شکار ہونے لگے ہیں اور ان کو اس بات کا شدت سے احساس ہونے لگا ہے کہ عالمی معاشی انحطاط کا ہندوستان پر بھی منفی اثر دیکھا جائے گا اسی لئے سرمایہ کاری کو غیر محفوظ تصور کر رہے ہیں۔