ریزرو بنک آف انڈیا کے جولائی کے بلیٹن میں وضاحت
ممبئی : ریزرو بینک آف انڈیا کے جولائی 2022 کے بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ ملک کی معیشت کے حوالے سے ایسے اشارے مل رہے ہیں کہ ہندوستان میں افراط زر مزید عروج پر پہنچے گا اور یہ 23۔2022 کی چوتھی سہ ماہی تک دوبارہ 6 فیصد سے کم میں آ سکتا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ دنیا کے دیگر ممالک کے مقابلے ہندوستان میں مہنگائی قابو میں ہے۔ مسلسل بڑھتی ہوئی مہنگائی کو دو سال کے اندر ہدف (4 فیصد) پر واپس لایا جاسکتا ہے۔جولائی 2022 کے بلیٹن کے مطابق مانیٹری پالیسی کی وجہ سے مہنگائی پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ جب بھی ہندوستانی معیشت کو خطرات لاحق ہوتے ہیں، آر بی آئی ہندوستانی معیشت کے دفاع میں اپنے اختیارات کے ساتھ کھڑا ہوتا ہے اور اس کا مقابلہ کرتا ہے۔بلیٹن کے مطابق ایسے اشارے مل رہے ہیں کہ مہنگائی عروج پر پہنچے گی۔ جیسا کہ مانیٹری پالیسی معیشت کے استحکام کے لیے کام کرتی ہے اور افراط زر 23۔2022 کی چوتھی سہ ماہی تک دوبارہ کم ہوسکتی ہے۔ بلیٹن کے مطابق اس پس منظر میں ہمیں امید ہے کہ ہندوستان میں ضروری مانیٹری پالیسی کے اقدامات دنیا کے دیگر حصوں کے مقابلے میں زیادہ معتدل ہوں گے اور یہ کہ ہندوستان مہنگائی کو دو سال کے عرصے کے اندر ہدف پر واپس لانے کے قابل ہو جائے گا۔واضح رہے کہ جولائی 2022 کے بلیٹن کو آر بی آئی کے ڈپٹی گورنر مائیکل پاترا اور دیگر معاونین نے تیار کیا ہے۔ اس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مہنگائی کی بدترین شرح ہمارا پیچھا کرسکتی ہے۔
جون میں لگاتار دوسرے مہینے میں بھی مہنگائی برقرار رہی۔ قومی شماریات کے دفتر (NSO) کے ڈیٹا کے مطابق عالمی سطح پر بھی دنیا کی بڑی معیشیتں مہنگائی کا سامنا کررہی ہیں۔