ہندوستان میں پھنسے ہوئے 5 پاکستانی وطن واپس

   

نئی دہلی 29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کورونا وائرس کی وباء کے باعث سرحدوں کو بند کردیا گیا جس کے باعث پاکستان کے پانچ شہری ہندوستان میں پھنس گئے تھے جو آج اٹاری ۔ واگھا سرحد سے پاکستان واپس ہوگئے۔ پاکستانی شہری چودھری محمد اشفاق، نکہت مختار، یاسر مختار، محمد خالد اور چودھری محمد آصف میڈیکل ویزا پر ہندوستان آئے تھے اور دہلی میں پھنس گئے۔ پاکستانی ہائی کمیشن کے ترجمان نے آج یہ بات بتائی۔ اُنھوں نے بتایا کہ آج یہ لوگ بہ حفاظت پاکستان واپس ہوگئے۔ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے ہندوستان نے سرحدوں کو بند کردیا اور انٹرنیشنل فلائٹس پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ 20 مارچ کو بھی ایک 12 سالہ لڑکے صبحی شیراز کے بشمول 4 پاکستانی اٹاری ۔ واگھا بارڈر کے ذریعہ پاکستان واپس ہوئے تھے۔ اِس دوران پاکستان ہائی کمیشن کے عہدیدار ہندوستانی عہدیداروں کے ساتھ مسلسل رابطہ میں تھے تاکہ ہندوستان میں پھنسے ہوئے پاکستانی شہریوں کی عاجلانہ بحفاظت واپسی کو یقینی بنایا جاسکے۔ ہندوستانی اور پاکستانی عہدیداروں کے قریبی رابطہ اور تعاون کے باعث ماباقی پاکستانیوں کی واپسی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔