ہندوستان میں کورونا وائرس کے مریضوں میں مسلسل اضافہ

   

جاریہ ہفتہ مریضوں کی تعداد اٹلی سے بھی بڑھ جائے گی ، دنیا بھر میں ہندوستان چھٹویں مقام پر
حیدرآباد۔4جون(سیاست نیوز) ہندوستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں ہر 15دن میں دوگنا اضافہ ہونے لگا ہے جو کہ تشویشناک ہے ۔ دنیا کے کئی ممالک میں کورونا وائرس کی وباء نے قہر برپا کیا ہوا ہے اور دنیا بھر میں کئی ممالک اس وباء سے متاثر ہوتے جا رہے ہیں ۔ ہندستان میں 4 جون کو کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی جملہ تعداد 2لاکھ 17ہزار668ہوگئی ہے اور سرکاری ذرائع کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 7ہزار 249تک پہنچ چکی ہے جبکہ تاحال کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کے متعلق حکومت کا دعوی ہے کہ 6084 افراد کورونا وائرس سے فوت ہوچکے ہیں۔ افغانستان میں 13 دن کے دوران متاثرین کی تعداد میں دگنا اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے جبکہ تاجکستان میں ہر 12 دن میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد دگنی ہوتی جا رہی ہے۔ بھوٹان میں 11دن میں تعداد میں دوگنا اضافہ ریکارڈ کیاجا رہاہے اور بنگلہ دیش میں 14 دن میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد دگنی جبکہ ہندستان میں 15یوم میں تعداد دگنی ہوچکی ہے اور پاکستان میں 18 یوم میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد دوگنی ہو چکی ہے۔ ابتداء میں ہندستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیز رفتار اضافہ ریکارڈ نہیں کیا جا رہاتھا 30جنوری کو ملک میں کورونا وائرس کا پہلا مریض پایا گیا ۔ ہندستان کورونا وائرس کے مریضو ںکی تعداد کے اعتبار سے دنیا بھر میں ساتویں مقام پر پہنچ چکا ہے اور امریکہ پہلے نمبر پر ہے جہاں 19لاکھ 3ہزار 868جملہ مریض ہیں اور دوسرے نمبر پر برازیل میں 5لاکھ 87ہزار 17 مریض جبکہ روس میں اب تک 4لاکھ 41 ہزار108 کورونا وائر س کے مریض پائے گئے ہیں۔ اسی طرح چوتھے نمبر پر اسپین ہے جہاں 4جون تک 2 لاکھ 87ہزار 406 کرونا وائرس کے متاثرین پائے گئے ہیں۔ برطانیہ میں 2لاکھ 79ہزار 856 مریض اب تک پائے جاچکے ہیں۔اٹلی میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 2لاکھ 33ہزار836 ہوچکی ہے ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جاریہ ہفتہ کے دوران ہندوستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد اٹلی سے تجاوز کرجائے گی اور ہندوستان تیزی سے دنیا کے سرفہرست کورونا متاثرین کی تعداد کی فہرست میںچھٹواں مقام حاصل کرلے گا۔ترکی ‘ ایران ‘ میکسیکو ‘ سعودی عرب کے علاوہ دیگر کئی ممالک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے اور کہا جا رہاہے کہ آئندہ دو ہفتہ کے دوران کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں عالمی سطح پر زبردست اضافہ کا خدشہ ہے اور اس سلسلہ میں عالمی ادارۂ صحت کی جانب سے انتباہ بھی جاری کیا جاچکا ہے۔