ہندوستان میں کورونا کیس 50 لاکھ سے متجاوز

,

   

مرکزی وزیر نتن گڈکری کورونا پازیٹیو، ازخود کورنٹائن

نئی دہلی: ہندوستان میں کوروناوائرس کے کیسوں میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے۔ متاثرین کی تعداد 50 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔ گذشتہ 11 دن میں ہی ایک ملین افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔ آج 90 نئے کیس سامنے آئے۔ مرکزی وزیر نتن گڈکری کا کورونا ٹسٹ پازیٹیو پایا گیا۔ انہوں نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ میں کل سے بخار محسوس کررہا تھا۔ ڈاکٹر سے مشاورت کے بعد چیک اپ کے دوران میرا کوویڈ۔19 ٹسٹ پازیٹیو نکلا۔ میں اس وقت زیرعلاج ہوں۔ خود کو سیلف آئسولیشن کرلیا ہے۔ 63 سالہ وزیر روڈ ٹرانسپورٹ نے ہر ایک سے زور دیکر کہا ہیکہ وہ ان سے ملاقات کیلئے نہ آئیں۔ اپنی احتیاط کرلیں اور پروٹوکول کا خیال رکھیں۔ نریندر مودی کابینہ میں نتن گڈکری دوسرے مرکزی وزیر ہیں جنہیں کورونا پازیٹیو پایا گیا ہے۔ اگست میں مرکزی وزیرپٹرولیم دھرمیندر پردھان کا بھی کوویڈ۔19 ٹسٹ پازیٹیو نکلا تھا۔ ملک بھر میں کورونا کے تیزی سے بڑھتے کیسوں کے پیش نظر قیاس کیا جارہا ہیکہ ہندوستان کوروناکیسوں میں امریکہ کو پیچھے چھوڑ دے گا۔ ساری دنیا میں امریکہ کے اندر ہی سب سے زیادہ کیس ہورہے ہیں جہاں اب تک 6.8 ملین افراد متاثر ہیں۔ بتایا جاتا ہیکہ ہندوستان میں ہر تیسرا شخص کورونا سے متاثر ہے۔ سب سے زیادہ مہاراشٹرا میں کیس سامنے آرہے ہیں۔ آندھراپردیش میں کیسوں میں کمی آئی ہے ، چھتیس گڑھ میں بھی کوروناکیس بڑھ رہے گا۔