ہندوستان میں ہی ہوآئی پی ایل :گنگولی

   

نئی دہلی ۔ بورڈ آف کنٹرول برائے کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے صدر سورو گنگولی نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) اس سال ہندوستان میں منعقد کی جائے کیونکہ ملک سے باہر منعقد کئے جانے پر لاگت میں اضافہ ہوگا۔گنگولی جو آج اپنی 48 ویں سالگرہ منا رہے ہیں ، نے کہا کہ ہندوستان میں آئی پی ایل کا انعقاد ہونا چاہئے کیونکہ اس کی اندرون ملک میچوں کی بہت اہمیت ہے لیکن اس سلسلے میں فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔انہوں نے انڈیا ٹوڈے انسپریشن سے کہا کہ ملک سے باہر آئی پی ایل کے انعقاد پر اخراجات میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس (کوویڈ ۔19) کی وبا کی وجہ سے آئی پی ایل غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی ہونے کے بعد بی سی سی آئی کی ترجیح ہے کہ یہ ٹورنمنٹ ہندوستان میں ہی منعقد ہونا چاہئے ۔بی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ اس خوفناک وقت میں پوری دنیا کے لئے کرکٹ کے معمول پر لوٹنا ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئی پی ایل کے انعقاد سے متعلق کوئی بھی فیصلہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے متعلق کچھ فیصلے کے بعد ہی لیا جائے گا۔گنگولی نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ آئی پی ایل ہو جیسے میں نے کہا تھا کہ کرکٹ کی واپسی ضروری ہے ۔آئی پی ایل 29 مارچ کو شروع ہونا تھا لیکن کورونا کی وجہ سے غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا گیا۔ اگر اس سال آئی پی ایل کا اہتمام نہ کیا گیا تو بی سی سی آئی کو تقریبا چار ہزار کروڑ روپے کا نقصان ہوسکتا ہے ۔