نئی دہلی :میانمار میں تباہ کن زلزلے سے ہونے والے نقصانات کے بعد امداد فراہم کرنے کیلئے شروع کیے گئے آپریشن برہما کے تحت ہندوستان نے اب تک 656 ٹن انسانی امداد اور آفات سے متعلق امدادی سامان پہنچایا ہے اور 1500 سے زیادہ لوگوں کا علاج یقینی بنایا ہے ۔جب یہاں ایک باقاعدہ بریفنگ میں آپریشن برہما کے بارے میں پوچھا گیا تو وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ ہندوستان آفت میں پہلے جواب دہندہ کے طور پر اب تک سات آئی اے ایف طیاروں اور پانچ ہندوستانی بحریہ کے جہازوں کے ذریعے میانمار کو 656 میٹرک ٹن سے زیادہ انسانی امداد اور قدرتی آفات سے متعلق امدادی سامان پہنچا چکا ہے ۔
جیسوال نے کہا کہ نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کی 80 رکنی ٹیم تلاش اور بچاؤ آپریشن کیلئے تعینات کی گئی تھی اور اپنا مشن مکمل کرنے کے بعد واپس آگئی ہے ۔ منڈالے میں 118 ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکس کے ساتھ 200 بستروں پر مشتمل انڈین آرمی کا فیلڈ ہسپتال کام کر رہا ہے ، جو اب تک 1500 سے زیادہ مریضوں کا علاج کر چکا ہے ۔ روزانہ تقریباً 250 مریض زیر علاج ہیں۔ترجمان نے کہاکہ “میانمار کے حکمران سینئر جنرل من آنگ ہلینگ نے بھی کچھ دن پہلے فیلڈ ہسپتال کا دورہ کیا تھا۔ بنکاک میں بمسٹیک سربراہی اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ اپنی ملاقات کے دوران سینئر جنرل من آنگ ہلینگ نے امداد کی بروقت فراہمی پر ہندوستان کا شکریہ ادا کیا”۔جیسوال نے کہا کہ ہندوستانی سفارت خانہ راحت اور مدد کے لئے میانمار کے حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے ۔ ہندوستان بحران کی اس گھڑی میں میانمار کے ساتھ کھڑا ہے اور درخواست کے مطابق مزید مادی مدد اور وسائل کی تعیناتی کیلئے تیار ہے ۔