ہندوستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرا ٹی 20 جیت لیا

   

پلئیر آف دی میچ کے ایل راہول کی ناٹ آوٹ نصف سنچری ۔ پانچ میچس کی سیریز میں 2-0 کی سبقت

آکلینڈ 26 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف اپنی کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے پانچ میچس کی سیریز کے دوسرے ٹی 20 مقابلہ میں سات وکٹس سے کامیابی حاصل کرلی ہے ۔ ہندوستان کی اس کامیابی میں بلے باز کے ایل راہول نے شاندار نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے اہم رول ادا کیا ہے ۔ نیوزی لینڈ نے اس میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اپنے مقررہ 20 اوورس میں پانچ وکٹس کے نقصان سے 132 رنز اسکور کئے تھے جس کے جواب میں ہندوستان نے 17.3 اوورس میں تین وکٹس کے نقصان سے 135 رنز بناتے ہوئے کامیابی حاصل کرلی ۔ پانچ میچس کی سیریز میں ہندوستان نے اس کامیابی کے ساتھ 2 – 0 سے سبقت حاصل کرلی ہے ۔ ہندوستان کیلئے روہت شرما اور کے ایل راہول نے شروعات کی لیکن روہت شرما بڑا اسکور نہیں کرسکے ۔ وہ چھ گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے 8 رن بناکر آوٹ ہوگئے ۔ ساوتھی کی گیند پر ٹیلر نے ان کا کیچ لیا ۔ کپتان ویراٹ کوہلی بھی زیادہ دیر وکٹ پر ٹک نہیں سکے ۔ انہوں نے 12 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 11 رن بنائے تھے ۔ ساوتھی کی ہی گیند پر سیفرٹ نے ان کا کیچ لیا ۔ شریاس ائیر نے تاہم تیسری وکٹ کی رفاقت میں کے ایل راہول کا بہت اچھا ساتھ دیا اور دونوں نے زیادہ نقصان کے بغیر اپنی ٹیم کو کامیابی کے قریب پہونچا دیا تھا ۔ شریاس ائیر 33 گیندوں میں تین چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 44 رن بناکر آوٹ ہوئے ۔ سوڈھی کی گیند پر ساوتھی نے ان کا کیچ لیا ۔ ایس دوبے آٹھ رن بناکر ناٹ آوٹ رہے ۔ ایک جانب سے کے رایل راہول نے وکٹ سنبھالے رکھی اور انہوں نے بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے50 گیندوں میں دو چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے 57 ناٹ آوٹ رنز اسکور کئے ۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ساوتھی نے دو اور سوڈھی نے ایک وکٹ حاصل کی جبکہ دوسرے بلے باز کوئی رن وکٹ حاصل نہ کرسکے ۔ قبل ازیں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کی دعوت دئے جانے کے بعداپنے 20 اوورس میں پانچ وکٹس کے نقصان پر محض 132 رن ہی بنائے تھے ۔ اوپنر گپٹل نے 20 گیندوں میں دو چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 33 رن بنائے ۔ شردل ٹھاکر کی گیند پر کپتان کوہلی نے ان کا کیچ لیا ۔ دوسرے اوپنر مونرو بھی 26 رن باکر آوٹ ہوئے ۔ دوبے کی گیند پر کوہلی نے ان کو کیچ کیا ۔ ولیمسن زیادہ دیر جم نہیں پائے اور انہوں نے 20 گیندوں میں صرف 14 رن بنائے ۔ گرانڈ ہوم کو جڈیجہ نے اپنی ہی گیند پر کیچ آوٹ کرلیا جبکہ راس ٹیلر 18 ر نبناکر بمراہ کا شکار ہوئے ۔ روہت شرما نے ان کا کیچ لیا ۔ آخری اوورس میں سیفرٹ نے 26 گیندوں میں دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 33 ناٹ آوٹ رن بنائے جبکہ سانٹنر صفر پر ناٹ آوٹ رہے ۔ ہندوستان کی جانب سے رویندر جڈیجہ نے دو‘ بمراہ ‘ دوبے اور شردل ٹھاکر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ کے ایل راہول کو ان کی ناٹ آوٹ نصف سنچری کی وجہ سے پلئیر آف دی میچ قرار دیا گیا۔