ہندوستان نے ویسٹ انڈیز کو 7 وکٹوں سے شکست دی

   

Ferty9 Clinic

   پروویڈنس (گیانا) ۔15 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) تیزی سے اپنی صلاحیتوں کو منوانے والی نوجوان کھلاڑ ی جمیمہ روڈریگس کی شاندار بیٹنگ اور ہندوستانی اسپنرز کی بہترین مظاہروں کی بدولت تیسرے ویمنس ٹی 20 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ہندوستان نے سات وکٹوں کی کامیابی حاصل کی۔ اسپنرز نے ویسٹ انڈیز کو مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 59 رنز تک محدودکردیا۔ روڈریگس نے 40 رنز (51 گیندوں) کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ہندوستان کو 20 گیندوں قبل اورصرف تین وکٹوں کے نقصان پرہی کامیابی سے ہمکنار کردیا۔ اس کامیابی نے ہندوستان کی مسلسل دوسری ٹی 20 سیریز مہر ثبت کردی ہے جیسا کہ قومی ٹیم نے گذشتہ ماہ جنوبی افریقہ کوگھریلوسیریز میں شکست دی تھی۔ اسپنر رادھا یادو (2/6) ، دیپتی شرما (2/12) ، پونم یادو (1/8) اور انوجا پاٹل (1/13) اس کامیابی کی معمار تھیں جنہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ہندوستان کی بالادستی کو برقرار رکھا۔ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کی ٹیم تباہ کن آغاز پر ہیلی میتھیوز (5) ، اسٹیسی این کنگ (7) اور شمائین کیمبل (2) کو پہلے 6 اوورس میں ہی گنواچکی تھی ۔ وکٹ کیپر چیڈین نیشن (11) اور نتاشا میک لین (3) نے ویسٹ انڈیز کی اننگز کو دوبارہ مستحکم کرنے کی کوشش کی لیکن 13 ویں اوور میں 5 وکٹوں پر 34 رنز سے میزبان ٹیم پریشان تھی ۔ جوابی اننگز میں ہندوستانی آغاز بھی ناقص تھا دو متواتر نصف سنچری اسکور کرنے والی کشور شفالی ورما صفر پر آؤٹ ہوئیں جبکہ اسمرتی مندن 3 رنز بناکر سستے میں ہی پویلین روانہ ہوگئیں۔ کپتان ہرمن پریت کور (7) بہتر مظاہرہ نہ کرسکیں تاہم راڈریگز نے صبرآزما 40 رنز بناکر ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں اہم رول ادا کیا۔ پانچ میچوں کی سیریز کا اگلا میچ اتوار کو ہوگا۔مختصر اسکور: ویسٹ انڈیز 20 اوور میں 59/9 (چنیل ہنری 11؛ رادھا یادو 2-6 ، دیپتی شرما 2-12) ہندوستان 16.4 اوور میں 60/3 ۔ (جمیمہ روڈریگس 40 ناٹ آؤٹ؛ ہیلی میتھیوز 2-7)۔