ہندوستان نے یوکرین کو 90ٹن سامان بھیجا

   

اقوام متحدہ؍نئی دہلی: ہندوستان نے اقوام متحدہ سلامتی کونسل (یو این ایس سی) کو بتایا کہ اس نے یوکرین اور اس کے پڑوسیوں کو 90ٹن سے زیادہ انسانی بنیاد پر امداد پہلے ہی بھیج دی ہے جس میں دوائیں اور ضروری راحتی سامان شامل ہے ۔ ساتھ ہی اس طرح کی سپلائی کو جاری رکھا جائے گا۔اقوام متحدہ میں ہندوستان کے مستقل نمائندے ٹی ایس ترومورتی نے جمعرات کو یو این ایس سی سے خطاب کرتے ہوئے جنگ سے متاثرہ یوکرین میں خراب ہوتی سلامتی صورتحال اور خراب ہوتے انسانی حالات کے بارے میں تشویش ظاہر کی۔ ہندوستان نے جنگ کو فوری طورپر ختم کرنے او ر بات چیت اور سفارتی راستے پر واپس آنے کی اپیل دہراتے ہوئے کہاکہ اس سے یوکرین سے تقریباً 22,500 ہندوستانیوں کی بحفاظت واپسی یقینی بنائی گئی ہے اور اس عمل میں 18دیگر ممالک کے شہریوں کو وہاں سے نکالنے میں مدد کی ہے ۔انہوں نے کہاکہ یوکرین میں انسانی صورتحال ابتر ہے ۔انہوں نے کہاکہ متاثرہ آبادی کو انسانی ضروریات کو پورا کرنے کی فوری طورپر ضرورت ہے ۔ اس سلسلہ میں ہم اقوام متحدہ اور اس کی ایجنسیوں کی پہل کی حمایت کرتے ہیں جنہوں نے کم از کم وقت میں جو بھی ممکن ہوسکا اسے کیا ہے۔