جمائیکا ۔3 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) رویندر جڈیجہ اور محمد سمیع کی قیادت میں بولروں کے عمدہ مظاہرے سے ہندوستان نے یہاں دوسرے اور آخری کرکٹ ٹسٹ کے چوتھے دن چائے سے پہلے ویسٹ انڈیز کو 257 رن سے شکست دے کر سیریز 2-0 سے کلین سوئپ کرلیا۔ سیریز میں کلین سوئپ کرنے کے ساتھ ویراٹ کوہلی ہندوستان کے سب سے کامیاب ٹسٹ کپتان بھی بن گئے ہیں۔ ان کی قیادت میں یہ ہندوستان کی ٹسٹ میچوں میں 18 ویں کامیابی ہے اور اس دوڑ میں کوہلی نے مہندر سنگھ دھونی کو پیچھے چھوڑ دیا جن کی قیادت میں ہندوستان نے 17 ٹسٹ میچ جیتے ہیں۔ ہندوستان ویسٹ انڈیز کے خلاف مسلسل آٹھویں ٹسٹ سیریز جیتنے میں بھی کامیاب رہا ، جو کبھی عالمی کرکٹ کا بادشاہ رہا۔ ہندستان کے 468 رن کے ہدف کا پیچھا کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کی ٹیم رویندر جڈیجہ ( 58 رن پر تین وکٹ )، محمد سمیع (65 رن پر تین وکٹ) ، ایشانت شرما( 37 پر دو وکٹ اور جسپریت بمراہ 31 رن پر ایک وکٹ ) کی بولنگ کے سامنے 55.9 اوورس میں 210 رن پر سمٹ گئی۔ویسٹ انڈیز کی طرف سے شمارا بروکس نے ایک موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے 50 رن بنائے جبکہ جرمین بلیک ووڈ تین مواقع کے باوجود 38 رنز ہی بنا سکے۔ دونوں نے5 ویں وکٹ کیلئے 61 رن کی شراکت داری کی۔ کپتان جیسن ہولڈر نے بھی 39 رن بنائے۔ ٹسٹ میں شاندار مظاہرہ کرنے والے حیدرآبادی بیٹسمین ہنوما وہاری کو مین آف دی میچ قراردیا ۔آئی سی سی ٹسٹ چمپیئن شپ کے جدول میں دنوں مقابلوں کی کامیابی کے وجہ سے ہندوستان نے 120 نشانات کے ساتھ پہلا مقام حاصل کرلیا ہے۔