ہندوستان کا پاکستان پر حملہ کرنا شرمناک حرکت: ٹرمپ

   

مجھے امید ہے کہ دہائیوں سے چل رہے جھگڑے جلد ختم ہوجائیں گے ، امریکی محکمہ خارجہ کی بھی تحمل کی اپیل

واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جھڑپیں ’بہت جلد‘ ختم ہو جائیں گی۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ٹرمپ کا بیان اس وقت سامنے آیا جب ہندوستانی افواج نے پاکستان میں کئی مقامات پر حملے کیے اور اسلام آباد نے جوابی کارروائی کا اعلان کیا۔صدر ٹرمپ سے جب ہندوستانی حملے کے بارے میں پوچھا گیا کہ تو ان کا کہنا ہے ’یہ شرمناک ہے، ہمیں ابھی اس بارے میں معلوم ہوا۔‘’میرا خیال ہے لوگوں کو اندازہ تھا کہ کچھ ہونے والا ہے، ماضی کو دیکھتے ہوئے۔ وہ کئی دہائیوں اور درحقیقت صدیوں سے لڑ رہے ہیں، اگر آپ واقعی اس پر غور کریں۔‘صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’میں صرف امید کرتا ہوں کہ یہ جلد ختم ہو جائے۔‘یہ توقع کی جا رہی تھی کہ ہندوستان فوجی ردِعمل دے گا کیونکہ بندوق برداروں نے ہندوستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں 26 افراد کو ہلاک کر دیا تھا، جن میں زیادہ تر ہندو تھے۔پاکستانی فوج نے کہا کہ ہندوستانی حملوں کا نشانہ پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں تین مقامات اور صوبہ پنجاب میں دو مقامات بنے،۔اسلام آباد نے کہا کہ انڈین حملوں میں تین شہری، جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے، ہلاک ہوئے ہیں۔ہندوستانی حملے اس وقت کیے گئے جب امریکی محکمہ خارجہ نے تازہ اپیل کی کہ فریقین تحمل سے کام لیں۔محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے صحافیوں کو بتایا کہ ’ہم پاکستان اور ہندوستان پر زور دیتے ہیں کہ وہ ایک ذمہ دارانہ حل کی طرف پیش قدمی کریں جو جنوبی ایشیا میں طویل مدتی امن اور علاقائی استحکام کو یقینی بنائے۔‘اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ وہ ہندوستان کے پاکستان پر فوجی حملوں پر بہت فکرمند ہیں۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ’سیکریٹری جنرل کو کنٹرول لائن اور بین الاقوامی سرحد کے پار انڈیا کی فوجی کارروائیوں پر شدید تشویش ہے۔‘ترجمان نے کہا کہ انتونیو گوتریس نے دونوں ممالک پر زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہر کرنے پر زور دیا۔ان کے ترجمان سٹیفن ڈوجیرک کے مطابق سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ ’دنیاہندوس تان اور پاکستان کے درمیان فوجی تصادم کی متحمل نہیں ہو سکتی۔‘انتونیو گوتریس کا بیان انڈیا کی جانب سے پاکستان پر حملے کے اعلان کے چند گھنٹے بعد سامنے آیا ہے۔