نئی دہلی،29 مئی(سیاست ڈاٹ کام)ملک میں کورونا وائرس (کوویڈ 19) متاثرین کی تعداد ہرروز بڑھنے کی وجہ سے اس وبا کی خطرناک شکل بڑھتی جارہی ہے اورپچھلے 24 گھنٹوں کے دوران انفیکشن کے ریکارڈ 7466 نئے معاملے سامنے آنے سے مریضوں کی کُل تعداد 1,65,799 پر پہنچ گئی ہے اور اس مدت میں 175 لوگوں کی موت ہوئی ہے ۔پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں اس سے متاثر 3414 لوگ ٹھیک ہوئے ہیں جس سے ٹھیک ہوئے لوگوں کی کل تعداد 71,106 ہوگئی ہے ۔مرکزی صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت کی جانب سے جمعہ کو جاری کئے گئے اعدادو شمار کے مطابق ملک کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام ریاستوں میں اب تک اس سے 1,65,799 لوگ متاثر ہوئے ہیں اور 4706 لوگوں کی موت ہوئی ہے ۔ملک میں فی الحال کورونا کے کل 89987 فعال معاملے ہیں۔ملک میں بدھ کو اور منگل کو نئے معاملوں میں کمی دیکھی گئی تھی۔چہارشنبہ کو 6387 اور منگل کو 6535 نئے معاملے سامنے آئے تھے۔ اس کے بعد دو دن سے متاثرین کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا۔
مہاراشٹر اس وبا سے ملک میں سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے ۔اس ریاست میں کورونا نے بہت قہر برپایا ہے ۔مہاراشٹر میں پچھلے 24 گھنٹوں میں 2598 نئے معاملے سامنے آئے ہیں۔اس کے بعد ریاست میں اب تک اس سے متاثر ہونے والے لوگوں کی تعداد بڑھکر59,546 ہوگئی ہے ۔ریاست میں اس جان لیوا وائرس سے اب تک 1982 لوگوں کی موت ہوئی ہے اور18,616 اس کے انفیکشن سے ٹھیک ہوئے ہیں۔کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے معاملے میں تمل ناڈو دوسرے نمبر پر ہے ، جہاں متاثرہ افراد کی تعداد 20000 کے قریب پہنچ چکی ہے ۔ تمل ناڈو میں اب تک 19372 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 145 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جبکہ 10548 افراد کو علاج کے بعد مختلف اسپتالوں سے فارغ کردیا گیا ہے ۔کورونا کی وجہ سے ، قومی دارالحکومت کی حالت بھی انتہائی تشویشناک بنی ہوئی ہے اور ملک کی سب سے زیادہ متاثرہ ریاستوں میں یہ تیسرے نمبر پر ہے ۔ دہلی میں 16،281 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 316 کی موت ہوچکی ہے ،جبکہ علاج کے بعد 7495 مریضوں کو اسپتالوں سے فارغ کردیا گیا ہے ۔ ملک کی مغربی ریاست گجرات کوویڈ ۔19 سے متاثر ہونے کے معاملے میں چوتھے نمبر پر ہے ۔
گجرات میں اب تک 15،562 افراد متاثر ہوچکے ہیں اور 960 افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ اس کے علاوہ ، 8003 افراد اس مرض سے ٹھیک ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔راجستھان میں بھی کورونا وائرس زبردست طریقے سے پھیل رہا ہے اور یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 8067 تک جا پہنچی ہے اور 180 افراد ہلاک ہوگئے ہیں ، جبکہ 4817 افراد مکمل طور پر صحت یاب ہوچکے ہیں۔آبادی کے حساب سے ، ملک کی سب سے بڑی ریاست اتر پردیش میں ، اب تک 7170 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 197 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ 4215 افراد اس سے بازیاب ہوئے ہیں۔ مغربی بنگال میں اب تک 4536 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں اور 295 افراد ہلاک اور 1668 افراد اب تک ٹھیک ہوچکے ہیں۔ اب تک ، تلنگانہ میں 2256 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں اور کورونا کی وجہ سے 67 افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ اس کے علاوہ اب تک 1345 افراد اس مرض سے ٹھیک ہو چکے ہیں۔جنوبی ہندوستان کی ریاست آندھرا پردیش میں 3251 اور کرناٹک میں 2533 افراد متاثر ہوئے ہیں اور ان ریاستوں میں اموات کی تعداد بالترتیب 59 اور 47 ہے ۔ جموں و کشمیر کے وسطی علاقوں میں ، متاثرہ افراد کی تعداد 2036 ہوگئی ہے اور 27 افراد کی موت ہوگئی ہے ۔ پنجاب میں 40 ، ہریانہ میں 19 ، بہار میں 15 ، اڈیشہ اور کیرالہ میں سات سات، ہماچل پردیش میں پانچ ، جھارکھنڈ ، آسام ، چندی گڑھ اور اتراکھنڈ میں چارچار اور میگھالیہ میں ایک شخص کی موت ہوئی ہے ۔
یکم جون سے لاک ڈاؤن 5.0
نئی دہلی ۔ /29 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کورونا وائرس لاک ڈاؤن کا چوتھا مرحلہ /31 مئی کو اختتام پذیر ہوگا ۔ عہدیداروں نے آج کہا کہ یکم جون سے لاک ڈاؤن 5.0 یقینی ہے ۔ البتہ اس مرتبہ مرکز تمام ریاستوں اور مرکزی علاقوں کو زیادہ اختیارات دینے پر غور کررہا ہے ۔ لاک ڈاؤن میں اضافی نرمی یا سختی کے بارے میں علاقائی سطح پر فیصلے لئے جاسکیں گے ۔
ملک کی تین ریاستوں میں 57.42 فیصد کورونا متاثر
نئی دہلی 29 مئی (سیاست ڈاٹ کام) عالمی وبا کورونا وائرس (کوویڈ ۔19) مہاراشٹر ، تمل ناڈو اور ملک کے قومی دارالحکومت دہلی میں سب سے زیادہ تباہی کا باعث بنا ہے اور اب تک اس نے ان تینوں ریاستوں میں 95199 افراد کو متاثر کیا ہے ، جو ملک میں اب تک اس جان لیوا وائرس سے متاثر کل آبادی کا 57.42 فیصد ہے ۔ ان تینوں ریاستوں میں اب تک 2443 افراد اس وبا کی وجہ سے ہلاک ہوچکے ہیں۔جمعہ کی صبح مرکزی وزارت صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا وائرس کے 7466 نئے کیس سامنے آئے ہیں ، جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 165799 ہوگئی ہے ۔ ملک میں اس انفیکشن کی وجہ سے مجموعی طور پر 4706 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں اور 71106 افراد ٹھیک ہوگئے ہیں۔