ہندوستان کو آج نیوزی لینڈ میںتاریخ بنانے کا موقع

   

ہیملٹن ۔ 28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ناقابل شکست ہندوستانی ٹیم کل یہاں نیوزی لینڈ کے خلاف رواں سیریز کا تیسرا مقابلہ کھیلے گی اور جب وہ میدان میں اترے گی تو اسے نیوزی لینڈ میں سیریز جیتنے کا سنہری موقع رہے گا کیونکہ اس نے ابتدائی دو مقابلوں میں فتوحات حاصل کرتے ہوئے سیریز میں 2-0 کی سبقت بنا لی ہے۔ ہندوستان نے آکلینڈ میں کھیلے گئے ابتدائی دو مقابلے بالترتیب 6 اور 7 وکٹوں سے اپنے نام کرتے ہوئے پانچ مقابلوں کی سیریز میں 2-0 کی سبقت حاصل کرلی ہے اور کل کھیلے جانے والے مقابلہ میں کامیابی کے ذریعہ وہ نیوزی لینڈ کی سرزمین پر پہلی مرتبہ ٹی 20 سیریز اپنے نام کرنے کا ریکارڈ بھی بنا سکتی ہے۔ اس سے قبل دو مرتبہ مہیندر سنگھ دھونی کی زیرقیادت ہندوستانی ٹیم کو میزبان نیوزی لینڈ کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی تھی جیسا کہ 2008-09ء میں ہندوستان کو 0-2 کی شکست برداشت کرنی پڑی جبکہ گذشتہ سال اسے 1-2 کی ناکامی برداشت کرنی پڑی تھی۔ ویراٹ کوہلی کی زیرقیادت ہندوستانی ٹیم میں یہ صلاحیت موجود ہیکہ وہ نیوزی لینڈ میں ایک نئی تاریخ رقم کرے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ورلڈ کپ 2019ء کا سیمی فائنل کھیلا گیا تھا جس کے بعد یہ سیریز کھیلی جارہی ہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف کامیابی کے باوجود اسے آئی سی سی کی درجہ بندی میں کوئی زیادہ فائدہ نہیں ہوگا کیونکہ اس وقت ہندوستانی ٹیم ٹی 20 کی درجہ بندی میں پانچویں مقام پر فائز ہے اور اگر وہ پانچ مقابلوں کی سیریز 5-0 سے بھی اپنے نام کرلیتی ہے تو اسے پانچویں مقام سے صرف ایک مقام کا فائدہ ہوگا اور وہ چوتھے مقام پر پہنچے گی۔ نیوزی لینڈ اس وقت چھٹے مقام پر فائز ہے جبکہ پاکستان بدستور پہلے مقام پر موجود ہے جس کے بعد آسٹریلیا، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ دیگر مقامات پر موجود ہیں۔