نئی دہلی ۔19 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) میڈیا میں مسلسل مہندر سنگھ دھونی کی سبکدوشی کی خبریں ہیں اور اب ٹیم کے سابق اوپنر اوپنر گوتم گمبھیر نے کہا کہ دھونی نے سال 2012 میں ہی یہ فیصلہ کرلیا تھا کہ میں ، سہواگ اور سچن 2015 میں ہونے والا ورلڈ کپ نہیں کھیلیں گے۔ اس کے علاوہ انہوں نے آسٹریلیا دورے پر صاف طور پریہ اعلان کردیا تھا کہ وہ پلیئنگ الیون میں سچن تندولکر، گوتم گمبھیر اور وریندر سہواگ کو ایک ساتھ موقع نہیں دیں گے۔ گوتم گمبھیر نے دعویٰ کیا کہ ایم ایس دھونی نے سال 2012 میں کہا تھا سچن ،سہواگ اورگمبھیرکوایک ساتھ پلیئنگ الیون میں نہیں کھلایا جائے گا کیونکہ ان کی فیلڈنگ اچھی نہیں تھی۔ گمبھیر نے کہا کہ دھونی کا یہ کہنا میرے لئے بہت بڑا جھٹکا تھا۔ یہ کسی بھی کرکٹر کیلئے ایک جھٹکا ہوتاہے۔ گمبھیر نے کہا میں نے کبھی نہیں سنا کہ کوئی آپ کو سال 2012 میں ہی بتادے کہ آپ 2015 کا ورلڈ کپ نہیں کھیلیں گے۔ مجھے ہمیشہ لگتا ہے کہ اگر آپ رنز بنارہے ہیں تو عمر صرف ایک نمبر ہے۔ گمبھیر نے یہ بھی کہا ہے کہ اب دھونی سے آگے دیکھنے کا وقت آگیا ہے۔ گمبھیر نے کہا کہ جب دھونی کپتان تھے تو وہ بھی مستقبل کی طرف دیکھتے تھے۔ دھونی نے اپنی کپتانی میں بھی مستقبل کے کھلاڑیوں پر داؤ لگایا تھا اور انہوں نے جذبات میں نہیں حقائق پر مبنی فیصلے لئے تھے۔گمبھیر نے کہا کہ اب ریشبھ پنت، سنجو سیمسن اور ایشان کشن جیسے وکٹ کیپرس پر توجہ مرکوز کرنے کا وقت ہے۔ انہیں ایک سے دیڑھ سال کا وقت ملنا چاہئے اور وہ اچھا مظاہرہ نہ کریں تو دوسروں کو موقع ملنا چاہئے۔