ہندوستان کی آزادی کیلئے مسلمانوں کی عظیم قربانیاں

   

جامع مسجد ماریڈ پلی میں صدر تحریک مسلم شبان محمد مشتاق ملک کا خطاب

حیدرآباد ۔ 14 اگست (راست) ہندوستان کی آزادی کے لئے نہ صرف مسلمانوں نے خون بہایا بلکہ 150 سال جنگ آزادی کی قیادت مسلمانوں کے ہاتھوں تھی۔ ہندو، مسلمان، سکھ سب نے آزادی کی جنگ میں حصہ لیا ہے۔ مگر دولت کے خرچ کرنے اور گنگا جمنی تہذیب کی داغ بیل ہندوستان میں مسلمانوں نے ڈالی۔ ان خیالات کا اظہار ماریڈ پلی جامع مسجد میں ایک اجتماع کو خطاب کرتے ہوئے جناب محمد مشتاق ملک صدر تحریک مسلم شبان صدر نشین شرعی فیصلہ بورڈ نے نماز جمعہ سے قبل کیا۔ ٹیپو سلطان، سراج الدولہ بنگال، مولانا شہید احمد، حضرت شاہ والی اللہ محدث دہلوی کی تحریکات جہاد، ریشمی رومال، جدوجہد کا تفصیلی ذکر کیا اور کہا کہ تاریخ ہند مسلمانوں کی قربانیوں سے بھری پڑی ہے۔ مسلمانوں نے اس ملک کو سونے کی چڑیا بنایا ۔ کالے پانی کی سزا کی فہرست دیکھی جائے تو 90 فیصد مسلمان تھے۔ 10 فیصد غیر مسلم تھے جس میں ساورکر شامل تھے اور ساورکر نے انگیزوں کو معافی نامہ دیا تھا۔ ایک مسلمان نے کبھی انگریزوں سے معافی نہیں مانگی ہاں میر جعفر اور میر صادق کی غداری نے نقصان پہنچایا۔ جناب محمد مشتاق ملک نے کہا کہ مسلمانوں نے متحدہ ہندوستان کا تصور دیا۔ سارے جہاں سے اچھا ہندوستان، مسلمانوں نے کہا ملک کی آزادی کی جنگ 200 سال پر محیط ہے جور 150 سال مسلمانوں نے اس جنگ آزادی کی قیادت کی ہے۔ انگریزوں کے سامنے سب سے بڑا خطرہ مسلمان ہی تھے اور آج بھی انڈیا گیٹ تاریخ کو یاد دلاتی ہے کہ مسلمانوں نے کتنی قربانیاں دی ہیں۔ پٹنہ کے صادق پور، دیوبند، دہلی، پورا اترپردیش، بنگال، بنگلورو، تاملناڈو کے مسلمانوں کے خون اور آزادی کے لئے دولت لٹانے کے واقعات سے بھری پڑی ہے۔