اسلام آباد ۔ 21 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی فوج نے ہندوستانی افواج کے اس دعوے کو مسترد کردیا کہ اس نے (ہندوستانی افواج) نے پاک مقبوضہ کشمیر کے تین دہشت گرد کیمپوں کو نشانہ بنایا ہے۔ پاکستان نے کہا کہ ہندوستان اگر اپنی اس بات کو ثابت کرنے کیلئے نشانہ بنائے گئے مقامات کے کچھ ثبوت پیش کرنا چاہے تو ہم اس کا خیرمقدم کریں گے۔ یاد رہیکہ ہندوستانی فوجی سربراہ جنرل بپن راوت نے اتوار کے روز ایک اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ حملوں میں پاکستانی فوج کے چھ تا دس پرسونل ہلاک کردیئے گئے اور تین دہشت گرد کیمپوں کو بھی تباہ کردیا گیا جو جموں و کشمیر کے تنگدھر اور کیران سیکٹرس میں کئے گئے حملوں کے جواب میں کئے گئے۔ راوت کے اس دعوے پر پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے راوت کے دعوؤں پر اظہارافسوس کیا اور کہا کہ راوت کوئی معمولی شخصیت نہیں ہیں بلکہ ایک بہت ہی اعلیٰ عہدہ پر فائز ہیں۔ ان کا اس نوعیت کا غیر ذمہ دارانہ بیان افسوسناک اور مایوس کن ہے۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مسٹر غفور نے کہا کہ دہشت گردوں کے کوئی کیمپس سرے سے موجود ہی نہیں ہیں لہٰذا ان پر حملہ کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ ہندوستانی سفارتخانہ موقوعہ پاکستان اگر چاہے تو کسی بھی بیرونی سفارتکار کو ’’نام نہاد‘‘ کیمپوں اور انہیں تباہ کردینے کے ثبوت حاصل کرنے روانہ کرسکتا ہے۔ ہم اس کا استقبال کریں گے۔ ایسے بیانات فوج کے پیشہ وارانہ موقف کو متاثر کرتے ہیں جن سے گریز کیا جانا چاہئے۔
