وورسٹر۔ کپتان متالی راج نے متواتر تیسری نصف سنچری اسکور کی جس کی بدولت ہندوستان نے میزبان انگلینڈ کے خلاف سیریز میں کلین سویٹ سپ خود کو محفوظ رکھا اور دورۂ انگلینڈ پر پہلی کامیابی حاصل کی جیسا کہ اس نے بارش سے متاثرہ مقابلہ میں کامیابی حاصل کی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تین مقابلوں کی سیریز کا آخری مقابلہ بارش کی وجہ سے 47 اوورس تک محدود کردیا گیا تھا جس میں ہندوستان نے 220 رنز کا کامیاب تعاقب کیا اور تین گیندیں قبل ہی مطلوبہ نشانہ حاصل کرلیا۔ کامیابی میں کپتان راج نے 86 گیندوں میں ناقابل تسخیر 75 رنز کی اننگز کھیلی۔ یہ ہندوستان کی دورۂ انگلینڈ پر پہلی کامیابی ہے جیسا کہ اس نے دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے واحد ٹسٹ کو ڈرا کرنے کے بعد ابتدائی دو مقابلوں میں شکست کے ذریعہ ونڈے سیریز بھی گنوائی ہے۔ متالی راج نے اپنی اننگز کا سست انداز میں آغاز کیا تھا لیکن جیسے جیسے ان کی اننگز آگے بڑھتی گئی انہوں نے رنز بنانے کی رفتار بھی تیز کی۔ اہم موقع پر کپتان راج کو سنے رانا کی جانب سے شاندار ساتھ ملا جنہوں نے 24 رنز اسکور کرنے کے علاوہ اپنی کپتان کے ہمراہ 50 رنز کی اہم پارٹنرشپ نبھائی۔ علاوہ ازیں بائیں ہاتھ کی اوپنر سمرتی مندنا نے بھی ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا۔ تاہم وہ ایک رن کی کمی سے نصف سنچری سے محروم رہیں لیکن 49 رنز کی اننگز میں انہوں نے چند بہترین اور دلکش اسٹورکس کھیلے۔ قبل ازیں ہندوستانی اسپنرس نے وقفہ وقفہ سے وکٹیں حاصل کرتے ہوئے انگلینڈ کو 47 اوورس فی اننگز کے اس مقابلہ میں 219 رنز پر آل آؤٹ کیا۔ انگلینڈ کے لئے نتالی زیویر نے پراعتماد 49 رنز اسکور کئے جبکہ کپتان ہیتھر نائیٹ نے جامع اننگز میں 46 رنز اسکور کئے۔ ہندوستان کے لئے دیپتا شرما نے 47 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ہندوستانی ٹیم نے نشانہ کا آغاز کامیاب انداز میں کیا لیکن جارحانہ بیٹنگ کے لئے مشہور شفالی ورما نے 19 رنز تیزی کے ساتھ اسکور کئے لیکن انہوں نے پھر ایک مرتبہ بہتر شروعات کو بڑی اننگز میں تبدیل نہیں کیا۔ نمبر 3 پر جمیما رودریگز پھر ایک مرتبہ ناکام ہوئی اور خاص طور پر وہ اسٹرائک روٹیٹ کرنے میں ناکام رہیں جس کی وجہ سے 21 گیندوں میں وہ صرف 4 رنز ہی بنا پائی۔ اننگز کے آغاز پر مندنا نے دوسرے سرے سے شاندار اور پراعتماد بیٹنگ کامظاہرہ کیا اور خاص طور پر ان کے آف سائیڈ پر ڈرائویز کافی شاندار رہے۔ مندنا کے آف ڈرائیوس کافی دلکش رہے کیونکہ جب وہ یہ اسٹورکس کھیل رہی تھیں تو ان کا سر بیٹ کے سیدھ میں رہنے کے علاوہ ان کا فرنٹ فُٹ گیند کے ایک دم قریب پہنچ رہے تھا۔ بیٹ اور گیند میں بہترین تال میل کے نظارے دلکش دکھائی دے رہے تھے۔ مندنا کی شاندار بیٹنگ کا اختتام لیگ اسپنر سارا گلین نے کیا جنہوں نے شاندار فام میں موجود مندنا کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ متالی اور ہرمن پریت کور نے سست رفتار بیٹنگ کی۔ ہرمن پریت کور 16 رنز ہی اسکور کر پائی اور اس موقع پر فی اوور رن ریٹ 6 سے اوپر پہنچ چکا تھا۔ اس دوران ہرمن پریت نے ریورس سویپ کی کوشش کی لیکن انہیں ایل بی ڈبلیو آؤٹ قرار دیا گیا۔ خود کے خلاف دیئے جانے والے فیصلے پر انہوں نے ریویو لیا لیکن ٹی وی ایمپائر نے بھی انہیں آؤٹ قرار دیا۔ ہندوستان کو آخری 12 گیندوں میں 14 رنز درکار تھے اور اس موقع پر سوفی اکلسٹون کی آخری گیند پر رانا آؤٹ ہوئیں۔ اس اعصاب شکن لمحات میں متالی نے پرسکون مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔